Saturday, May 11, 2024

اگر ملکی ایشوز پر اتفاق رائےنہیں رکھ سکتے تو ملکی معاملات نہیں چل سکتے، فواد چودھری

اگر ملکی ایشوز پر اتفاق رائےنہیں رکھ سکتے تو ملکی معاملات نہیں چل سکتے، فواد چودھری
January 1, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا اگر ملکی ایشوز پر اتفاق رائے نہیں رکھ سکتے تو ملکی معاملات نہیں چل سکتے۔ نئےسال کے آغاز پرحکومت نے اپوزیشن کو ساتھ ملا کر چلنے کا پیغام دے دے دیا ۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا فوج، نیب، عدلیہ کے معاملات پر اتفاق رائے ہو سکتا ہے۔ اگر ملکی ایشوز پر اتفاق رائے نہیں رکھ سکتے تو ملکی معاملات نہیں چل سکتے۔ سینیٹر میاں رضا ربانی نےکہا ایسا محسوس ہوتا ہے آئین ہے مگر معطل ہے۔ دو سیشنز کے درمیان 120 دن سے زائد کا وقفہ نہیں ہو سکتا۔ اس دوران صدر نے 16 آرڈیننس جاری کیے۔  راجہ ظفر الحق نے کہا کشمیر، سیاسی انتقام، مہنگائی کی بات کرنا چاہتے تھے لیکن سینیٹ کا اجلاس نہیں بلایا گیا۔ سراج الحق بولے حکومت کو بتانا ہو گا کہ ہر محاذ پر ناکامی کیوں ہوئی؟۔ شیری رحمان  بولیں اب تو سلیکٹرز بھی کہہ رہے ہیں ان سے پارلیمنٹ نہیں چل رہی۔ اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نےکہا وزیراعظم کا مشن کرپشن کا خاتمہ ہے۔ کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑیں گے۔ سینیٹ اجلاس میں غیرملکی زرمبادلہ انضباط ترمیمی بل اور اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی ایکٹ پیش کیے گئے۔ چیئرمین نے دونوں بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دئیے۔