Friday, April 19, 2024

اگر معیشت ٹھیک ہے تو حکومت قرضے کیوں لے رہی ہے ؟ خورشید شاہ

اگر معیشت ٹھیک ہے تو حکومت قرضے کیوں لے رہی ہے ؟ خورشید شاہ
December 1, 2015
کراچی (92نیوز) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کو پنجاب کے علاوہ کسی اور صوبے پر بھی توجہ دینا چاہئے۔ پارلیمنٹ میں جو باتیں کی جاتی ہیں وہ عوام کو بتائی جائیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے‘ کھانے پینے کی اشیاءمیں ایک روپے کا بھی فرق نہیں پڑا۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو پنجاب کے علاوہ کسی اور صوبے میں بھی توجہ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا چاول کے کاشتکار کو بہت نقصان ہو رہا ہے‘ بجلی مہنگی ہوتی جارہی ہے جبکہ تیل سستا ہو رہا ہے۔ جب دنیا میں تیل کی قیمت کم ہوئی ہے تو حکمران قوم کو لولی پاپ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت کہتی ہے ہماری معیشت اچھی جا رہی ہے اگر ایسی بات ہے تو پھر قرضے کیوں لیے جا رہے ہیں۔ مختلف اشیاءپر ٹیکس حد سے بڑھ رہے ہیں‘ اب انڈسٹریاں بھی کم ہوتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایک پراجیکٹ بھی پورا نہیں ہوا جبکہ نندی پور پراجیکٹ 6 دن میں ہی بند ہو گیا۔ جناح سولر پارک سے 27 میگاواٹ بجلی آ رہی تھی اب وہ بھی ختم ہو گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میاں نواز شریف قوم سے معافی مانگیں۔ میاں نواز شریف کی حکومت نے کوئی اچھا کام کیا ہو تو بتا دیں۔