Saturday, April 20, 2024

اگر عمران خان بھی یہاں موجود ہوتے تو بہت خوشی ہوتی ، مہاتیر محمد

اگر عمران خان بھی یہاں موجود ہوتے تو بہت خوشی ہوتی ، مہاتیر محمد
December 21, 2019
کولالمپور (92 نیوز) ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے کوالالمپور سمٹ 2019 کی اختتامی تقریب میں 92 نیوز سے گفتگو اور کانفرنس سے خطاب میں کہا اگر عمران خان بھی یہاں موجود ہوتے تو بہت خوشی ہوتی۔ پاکستانی وزیراعظم کے سمٹ میں شریک نہ ہونے پر افسوس ہے۔ ملائیشیا میں ہونے والی کوالالمپور سمٹ 2019 اختتام پذیر ہو گئی۔ امت مسلمہ کی مشترکہ گولڈ کرنسی، اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے انگریزی زبان میں اسلامک ٹی وی چینل، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، علم اور دیگر شعبہ جات میں باہمی تعاون جیسے اہم شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا جبکہ مسلمانوں کے خلاف بھارتی شہریت کے نئے قانون کی مذمت بھی کی گئی ۔ اختتامی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے سمٹ کے چیئرمین اور ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر بن محمد نے OIC کا نام لیے بغیرکہا کہ یہ تاثرغلط ہے کہ وہ کسی دوسری اسلامی تنظیم کے مقابلے میں نیا اسلامی اتحاد بنا رہے ہیں۔ ملائیشین ریاست پیرک کے سلطان اور تقریب کے مہمان خصوصی سلطان نظرین شاہ سلطان اذلان شاہ نے کہا کہ آج اسلامی ممالک میں معاشی زبوں حالی ، دہشت گردی اور دیگر وجوہات کی بنا پرمسلمان غیر اسلامی ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔ ان بے گھر اور مجبور مسلمانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ سمٹ کے اختتامی تقریب میں ملیشیا، ترکی، ایران، فلسطین ،قطر ، شام ، انڈونیشیا ،برونائی اور افریقہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے  سکالرز  سائن ٹیسٹ ، ماہرین تعلیم ،ماہرین معاشیات سمیت سفارتکاروں اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔