Thursday, May 9, 2024

اگر صحیح نہیں گنا جائے گا تو حکومت سے لڑائی ہے، مصطفی کمال

اگر صحیح نہیں گنا جائے گا تو حکومت سے لڑائی ہے، مصطفی کمال
January 23, 2021

کراچی (92 نیوز) سربراہ پی ایس پی مصطفی کمال کہتے ہیں، اگر صحیح نہیں گنا جائے گا تو حکومت سے لڑائی ہے۔

اُنہوں نے ہفتہ کے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، کراچی کو صحیح گنو گے تو 21 کے بجائے 44 ایم این ایز کی سیٹیں ہوں گی۔ کراچی کے لوگ گنتی پورے کرانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، اگر نظرانداز کیا جائے گا تو کراچی میں جو کچھ ہوگا اس کے ذمے دارنہیں۔

مصطفی کمال نے وفاقی حکومت پر پیپلزپارٹی کو سندھ میں لوٹ مار کیلئے کھلا چھوڑنے کا الزام بھی دھر دیا۔ کہا کہ ملک کیخلاف کام کرنیوالوں کو پیپلزپارٹی کی خاموش حمایت حاصل ہے۔ 8 ہزار 342 ارب صوبائی حکومت نے 10 سال میں خرچ کردیئے۔

اُنہوں نے کہا کہ رات سوتے ہوئے اٹھا کر انہیں اقتدار دے دیا گیا ہے۔ گورنر ہاؤس پولیٹیکل ہاؤس بنا ہوا ہے۔ آپ عمران خان اور حکومت کے مخالف ہوگے تو نیب کا لیٹر آجائے گا۔

اُن کا کہنا تھا تم ہمیں کیا حقوق اور روزگار دو گے، تم ہمیں گن نہیں سکتے، پی ٹی آئی پیپلزپارٹی کی حکومت اور پیپلزپارٹی پی ٹی آئی کی حکومت چلا رہی ہے۔

انہوں ںے مزید کہا، جب اس شہر میں سچ بولنے کی سزا موت تھی ہم نے تب ظلم کیخلاف آواز اٹھائی، کراچی والوں نے ہماری آواز پر ریلی نکالی ہے۔ مودی کے پوسٹر لیکر جو جلوس نکالا گیا ہے سندھ حکومت کی طرف سے اس کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔