Friday, April 26, 2024

اگر جمہوریت چاہتے ہیں تو آئیں میز پر بیٹھ کر بات کریں، پرویز خٹک

اگر جمہوریت چاہتے ہیں تو آئیں میز پر بیٹھ کر بات کریں، پرویز خٹک
November 8, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا اگر جمہوریت چاہتے ہیں تو آئیں میز پر بیٹھ کر بات کریں۔ پرویز خٹک نے قومی اسمبلی میں دھواں دھار خطاب کرتے ہوئے کہا مولانا فضل الرحمٰن ادھر ہم سے بات کرتے ہیں اُدھر کہتے ہیں الیکشن کو نہیں مانتے۔ مولانا کہتے ہیں جرگہ ٹائم پاس کیلئے ہے۔ ٹائم پاس کی بات کرتے ہیں تو جائیں ہم بھی ٹائم پاس کر رہے ہیں۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کیا انہوں نے آئین نہیں پڑھا؟ آئین میں آرڈیننس کی گنجائش موجود ہے۔ ادھر وزیر مواصلات مراد سعید بولے خواجہ آصف وزیر خارجہ تھے تو یو اے ای میں اقامے پر ملازمت بھی کرتے تھے۔ ن لیگ کی قیادت کے اکثر لوگ بیرون ملک میں ویلڈر، مالی اور ڈرائیور بنے ہوئے تھے۔ خواجہ آصف صاحب آپ نے اقامہ کیوں رکھا ہوا تھا۔ دوسری طرف رہنما جے یو آئی مولانا اسعد محمود نے قومی اسمبلی میں اعلان کرتے ہوئے کہا علی امین کا دوبارہ الیکشن کا چیلنج قبول ہے۔ مستعفی ہونے کا اعلان کرائیں، کل ہی الیکشن لڑیں گے۔ خواجہ آصف بولے کہ اداروں کا بیڑا غرق ہوا تو جمہوریت کا بیڑا غرق ہوگا، کل بھی ایوان میں آئین کی خلاف ورزی ہوئی، آپ کا منصب اجازت نہیں دیتا مذاکراتی کمیٹی کا حصہ بنیں، کل جو جائز تھا آج اسے حرام قرار دے رہے ہیں۔ قومی اسمبلی میں آدھے گھنٹے میں تمام بل پاس کرلیے گئے۔