Sunday, September 8, 2024

اگر امریکہ کو خطرہ ہوا تو شمالی کوریا کو ختم کر دیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

اگر امریکہ کو خطرہ ہوا تو شمالی کوریا کو ختم کر دیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ
September 20, 2017

نیویارک (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کیا۔ یہ ان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پہلا خطاب ہے۔ جس میں انہوں نے شمالی کوریا اور ایران پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ اگر امریکہ کو اپنا دفاع کرنا ہے تو پھر شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کرنا ہوگا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عالمی لیڈروں کی تقاریر کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ 19 ستمبر سے شروع ہونے والے سالانہ اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر سب کی توجہ کی مرکز تھی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرائنی صورت حال، شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار اور بحیرہ جنوبی چین کے تنازعے کو سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے لیڈرخودکش مشن پر روانہ ہیں۔ ٹرمپ نے عالمی رہنماؤں کے سامنے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر امریکا کو خطرہ ہوا تو شمالی کوریا کو ختم کرنے کے سوا اس کے پاس کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

شمالی کوریا پر ہاتھ صاف کرنے کے بعد ٹرمپ ایران کی جانب آئے اور ایران پر بھی خوب گولہ باری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں اپنی پالیسیوں کی وجہ سے عدم استحکام کا سبب بن رہا ہے۔ ایرانی حکومت کو ٹرمپ نے ایک بے رحم، کرپٹ اور قاتل حکومت سے بھی تعبیر کیا۔ ایران کے ساتھ طے پانی والی جوہری ڈیل پر اظہاز خیال کرتے ہوئے ٹرمپ نے اسے ایک یکطرفہ اور امریکہ کے لیے باعثِ شرمندگی قرار دیا۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں نے طاقت کو یکجا کیا ہوا ہے۔ دہشت گرد دنیا کے کونے کونے میں پھیل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکی عوام کا مفاد سب سے بالاتر رکھتے ہیں اور ہر ملک سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنے لوگوں کے مفادات کا خیال رکھے۔ تمام ممالک دوسری اقوام کےحقوق کا بھی خیال رکھیں۔