Thursday, March 28, 2024

اکرم درانی کیخلاف غیر قانونی بھرتیوں کا کیس بھی کھل گیا

اکرم درانی کیخلاف غیر قانونی بھرتیوں کا کیس بھی کھل گیا
October 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سابق وفاقی وزیر اکرم درانی کے خلاف گھیرا مزید تنگ ہو گیا ،  آمدن سے زائد اثاثوں کے بعد غیرقانونی بھرتیوں کا کیس بھی کھل گیا ۔ چیف ایڈمن آفیسر پی ڈبلیو ڈی مختاربادشاہ خٹک اور عاطف ملک گرفتار  ہو گئے جب کہ ملزمان 13 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے  کر دیے گئے ۔ جے یوآئی (ف) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم درانی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ نیب راولپنڈی نے غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں گرفتار چیف ایڈمن آفیسر پی ڈبلیو ڈی مختاربادشاہ خٹک اور عاطف ملک  کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کوبتایا کہ چیف ایڈمن آفیسر پی ڈبلیو ڈی مختاربادشاہ خٹک نے غیر قانونی بھرتیوں میں اہم کردار ادا کیا ، عاطف ملک نے جعلی دستاویزات بنا کر معاونت کی ۔ملزمان نے جعلی ڈومسائل بنا کر لوگوں کو بھرتی کیا ۔ ملزمان اکرام درانی سے ملتے رہے ہیں، یہ دیکھنا ہے اکرام درانی کا کیا رول ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے ملزمان  کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے 13 روزہ جسمانی ریمانڈ پرملزمان کو نیب کے حوالے کردیا ، واضح رہے کہ اکرم درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بھی زیر سماعت ہے۔