Friday, April 26, 2024

اکرم درانی کا حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک سے رابطہ، مطالبات سے آگاہ کیا

اکرم درانی کا حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک سے رابطہ، مطالبات سے آگاہ کیا
October 22, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک سے رابطہ کیا اور مطالبات سے آگاہ کر دیا۔ اکرم درانی نے کہا حکومتی کمیٹی کو بتا دیا کہ ان کا مؤقف اور مطالبات پہلے والے ہیں۔ حکومتی کمیٹی مشاورت کرکے بتائے گی کہ کیا حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے یا نہیں؟ پرویز خٹک نے حکومتی کمیٹی کا اہم اجلاس ساڑھے چار بجے ایوان صدر میں طلب کر لیا۔ پرویزخٹک نے اکرم درانی سے گفتگو میں کہا میں نے حکومتی کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے، مشاورت کرکے آپ سے رابطہ کریں گے۔ گزشتہ روز اکرم درانی نے رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈ یا سے گفتگو میں کہا تھا کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی، حکومت پہلے احتجاج کا آئینی حق تسلیم کرے حکومت سے مذاکرات  ہوئے تو رہبر کمیٹی ہی کرے گی کوئی جماعت یا فرد تنہا مذاکرات نہیں کرسکتا سرحد کی صورتحال کا ادراک ہے، مارچ پر امن ہوگا۔ رہبر کمیٹی کے رکن اکرم درانی کا کہنا تھا وزیراعظم ایک طرف مذاکراتی کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہیں دوسری طرف سے اپوزیشن کو گالیاں دیتے ہیں، آزادی مارچ پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے میڈیا سے دوران گفتگو میں کہا تھا ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہمارا احتجاج پرامن رہے گا، حکومت ہمارا آئینی حق تسلیم کرے، رہبر کمیٹی کا اعلان مارچ نکالنا ہمارا حق ہے، حکومت ہمارے مطالبات پرآتی ہے تو بات چیت کےلئے تیار ہیں۔ اکرم درانی کا کہنا تھا اگر حکومت ہمارے آزادی مارچ میں رکاوٹ نہ بننے کا اعلان کرتی ہے تو تمام ممبرجماعتوں کی مشاورت سے مذاکرات کرسکتے ہیں۔ کسی جماعت کا کوئی بھی فرد حکومت سے تنہا مذاکرات نہیں کرسکتا۔