Saturday, April 20, 2024

اکتیس ٹیسٹ سنچریاں، یونس خان ریکارڈ پر ریکارڈ توڑنے لگے

اکتیس ٹیسٹ سنچریاں، یونس خان ریکارڈ پر ریکارڈ توڑنے لگے
October 25, 2015
لاہور (92نیوز) یونس خان کے ریکارڈز پر ریکارڈز، کل ٹیسٹ کرکٹ میں نو ہزار رنز مکمل کئے آج اکتیس ویں ٹیسٹ سنچری کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق یونس خان رنز بنانے کی مشین بن گئے۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز لیجنڈ بیٹسمین کے لئے صحراوں میں رنز کی بہاریں لے آئی۔ دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز یونس خان کا بلا ایسا چلا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی اکتیس ویں سنچری بنا کرہی رکا۔ اس سے قبل مڈل آرڈر بلے باز یونس خان نے دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے تیسرے سیشن میں نو ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان سے قبل پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین یہ سنگ میل عبور نہیں کر سکا۔ 37 سالہ یونس خان نے جب نو ہزار رنز مکمل کیے تو دبئی سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے انہیں دل کھول کر داد دی۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چودھویں نمبر پر آ چکے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان کی طرف سے جاوید میاں داد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔