Friday, May 17, 2024

اکتوبر میں مرکز اور پنجاب میں کچھ تبدیلی ہو سکتی ہے ، شیخ رشید

اکتوبر میں مرکز اور پنجاب میں کچھ تبدیلی ہو سکتی ہے ، شیخ رشید
September 14, 2019
لاہور (92 نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مرکز اور وفاق میں تبدیلی کاعندیہ دے دیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ اکتوبر میں مرکز اور پنجاب میں کچھ تبدیلی ہو سکتی ہے ، شہباز شریف دوبارہ مارکیٹ میں آچکے ہیں ، آرٹیکل 149 سنجیدہ مسئلہ ہے  ابھی تک کابینہ میں نہیں آیا ، اسرائیل کو تسلیم کرنے اور بھارت سے ڈیل کرنے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ۔ لاہور میں طویل نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھاکہ عمران خان کی قیادت میں کشمیر کا کیس لڑ رہے ہیں ،عمران خان 27 ستمبر کو  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور مسئلہ کشمیر اجاگر کریں گے ۔ ان کا مزید  کہنا تھا کہ  عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے ، کل رات وزیر اعظم سے بات ہوئی جس میں انہوں نے خود کہا کہ بزدار کہیں نہیں جا رہا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ میرے سامنے کراچی  میں گورنر راج کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ۔ سرحدی معاملات پر  وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ  اگر انڈیا نے حملہ کیا تو ہمیں علم ہے کہ کتنا مصالحہ استعمال  کرنا ہے ، ہم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہوں گے ،   چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور ساتھ کھڑا رہے گا ،  پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں کشمیر کے مسئلے پر  ایک ہوں گی ۔ سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کے لوگوں نے پیسے دینے کی کوشش کی ہے ، آصف زرداری مل بانٹ کر کھاتا ہے جب کہ نواز شریف کی فیملی اکیلے کھاتی ہے ، ملک کے سابق چار وزرائے اعظم اور دو صدور جیل میں ہیں یا جانے کیلئے تیارہیں ۔ میرے پاس ان لوگوں کے رہا ہونے کی کوئی خبر نہیں ۔ شہباز شریف معاملات طے کرنے کا ماہر ہے  اور وہ رابطے میں بھی ہے ۔ وزیر ریلوے نے پاکستان ریلوے سے متعلق کہاکہ ریلوے ٹھیک ہونے جا رہا ہے ، ریلوے کی نجکاری نہیں ہو گی ،گزشتہ دنوں  ریلوے کا شیڈول کافی متاثر تھا مگر اب معمول پر ہے ،  جہاں ہمیں اسٹیشن  کمائی نہیں دیگا اس کو ختم کر دیں گے ، جو ٹرین 40 فیصد سے کم کمائی کریں گی انہیں بھی بند کر دیا جائے گا۔وزیراعظم نے اکتوبر میں ایم ایل ون پر سائن سے متعلق خوشخبری سنائی ہے ۔