Monday, September 16, 2024

اکتوبر میں دورہ امریکہ !!! سوزن رائس نے امریکی صدر کا خصوصی دعوت نامہ نوازشریف کو دیدیا

اکتوبر میں دورہ امریکہ !!! سوزن رائس نے امریکی صدر کا خصوصی دعوت نامہ نوازشریف کو دیدیا
August 30, 2015
اسلام آباد (92نیوز) امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے وزیر اعظم نواز شریف کو دورہ امریکہ کی دعوت دے دی۔ نواز شریف اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں امریکہ کا دورہ کریں گے، 2003ءمیں پرویز مشرف کے بعد کسی بھی وزیر اعظم کا یہ پہلا اسٹیٹ وزٹ ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے چینی صدر کو دورہ امریکا کیلئے صدر اوباما کا خصوصی دعوت نامہ دینے کے بعد اسلام آباد کا رخ کیا اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں بھی اسٹیٹ وزٹ کیلئے صدر اوباما کا خصوصی دعوت نامہ پہنچایا۔ نواز شریف نے شکریہ کے ساتھ دعوت نامہ قبول کیا۔ اسٹیٹ وزٹ کے تحت نواز شریف کو 21 توپوں کی سلامی اور گارڈ آف آنر دیا جائے گا جبکہ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے جائیں گے۔ سب سے اہم یہ کہ دورے پر اٹھنے والے تمام تر اخراجات امریکی حکومت برداشت کر ے گی۔ نواز شریف 2003ءکے بعد پہلی پاکستانی شخصیت ہونگے جنہیں امریکی صدر کی جانب سے اسٹیٹ وزٹ کی دعوت دی گئی ہے۔ 2003ءمیں اس وقت کے صدر پرویز مشرف کو صدر بش نے اسٹیٹ وزٹ پر ورجینیا کے سیاحتی مقام کیمپ ڈیوڈ آنے دعوت دی تھی۔ اسٹیٹ وزٹ کے تحت ایک ملک دوسرے ملک کے سربراہ کو خود دورے کی دعوت دیتا ہے اور اس پر اٹھنے والے تمام تر اخراجات بھی خود برداشت کرتا ہے۔ اس نوعیت کا دورہ کسی بھی ملک کیلئے پروٹوکول کی اعلیٰ مثال ہوتا ہے۔ آفیشل وزٹ کے تحت ایک ملک دوسرے ملک کے سربراہ کو دورے کی دعوت تو خود دیتا ہے تاہم دورہ پر اٹھنے والے تمام تر اخراجات مہمان خود برداشت کرتا ہے۔ اس نوعیت کے دورے کے دوران نہ تو مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ یا عشائیہ دیا جاتا ہے اور نہ سلامی۔ ورکنگ وزٹ کے مطابق ہیڈ آف اسٹیٹ کو دورے کی دعوت نہیں دی جاتی بلکہ مہمان خود دورے کرنے کیلئے درخوست کرتا ہے اور وزیر اعظم نواز شریف نے ورکنگ وزٹ پر اکتوبر 2013ءمیں امریکا کا دورہ کیا تھا۔