Thursday, May 2, 2024

اڑی سیکٹر واقعہ پر  بھارت کے پاکستان پر الزامات قابل مذمت اور غیرذمہ دارانہ ہیں : صدر آزاد جموں کشمیر

اڑی سیکٹر واقعہ پر  بھارت کے پاکستان پر الزامات قابل مذمت اور غیرذمہ دارانہ ہیں : صدر آزاد جموں کشمیر
September 19, 2016
نیویارک(92نیوز)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہےکہ اڑی سیکٹر واقعہ کی گرد ابھی بیٹھی بھی نہیں تھی کہ بھارت نے پاکستان پر الزامات لگانا شروع کر دیئے جو قابل مذمت اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے ۔ بھارت اس کی آڑ میں پاکستان کے خلاف مہم جوئی سے باز رہے۔ تفصیلات کےمطابق نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر  نے کہا کہ انتہائی افسوس ناک امر ہے کہ اڑی واقعہ کی گرد ابھی بیٹھی بھی نہیں تھی کہ بھارت نے الزامات لگانا شروع کر دیئے جو قابل مذمت ہیں ۔ بھارت کی یہ عادت ثانیہ بن گئی ہے کہ جو بھی واقعہ بھارت کے اندر ہو پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا دیتے ہیں یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے ۔صدر آزاد کشمیر نے واضح کیا کہ بھارت کسی بھی مہم جوئی سے باز رہے .پاک فوج اور غیور عوام ایسی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں۔ بھارت کو اس کا علم ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری اور روایتی اعتبار سے ایک توازن موجود ہے اور درمیان میں نازک لکیر ہے اس نازک لیکر کو کبھی انہوں نے عبور کرنے کی کوشش کی تو اس کو بہت نقصان اٹھانا پڑے گا۔ مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر قیامت ٹوٹی ، بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم پر ان کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے ۔ آزاد کشمیر کے عوام اپنی آزادی مقبوضہ وادی کے عوام کی مشکلات کے خاتمہ کے لیے استعمال کریں گے۔