Thursday, April 25, 2024

اڑی حملے کے الزام میں گرفتار دونوں پاکستانی رہائی کے بعد بھارتی فوج کے حوالے

اڑی حملے کے الزام میں گرفتار دونوں پاکستانی رہائی کے بعد بھارتی فوج کے حوالے
March 8, 2017
نئی دہلی (ویب ڈٰیسک)بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے نے اڑی سیکٹر حملے کے الزام میں گرفتار  دونوں پاکستانی نوجوانوں کو بھارتی فوج کے حوالے کردیا دونوں نوجوان انکوائری میں بے گناہ قرارپائے تھے جس پر عدالت نے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ تفصیلات کےمطابق لائن آف کنٹرول کے اڑی سیکٹر پر گزشتہ سال اٹھارہ ستمبر کو  بھارتی فوج کے کیمپ پر حملہ ہوا تو حسب عادت بھارت نے اس کا الزام پاکستان پرلگادیا اور حملے کےتین  روز بعد آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں فیصل اعوان اور احسن خورشیدکو اڑی حملے کے سہولت کار قرار دیکر گرفتار کرلیا ۔ چھ ماہ تک بھارت  کے قومی تحقیقاتی ادارے نے  دونوں نوجوانوں سے یہ منوانے کی ناکام کوشش کرتارہا کہ انہوں نے حملہ آوروں کی رہنمائی کی تھی لیکن جھوٹ کے پائوں نہیں ہوتے کے مصداق بھارت کو اس سارے معاملے میں منہ کی کھانا پڑی اور این ایس اے نے دونوں نوجوانوں کو بے گناہ قرار دیکر انکوائری ختم کردی ۔ این ایس اے کا کہنا تھا کہ عینی شاہدین کے بیانات ، دونوں نوجوانوں  کے موبائل فونز کے فرانزک معائنے کے باوجود انکے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا رپورٹ کے مطابق دونوں نوجوان والدین سے جھگڑنے کے بعد غلطی سے ایل او سی عبور کرگئے تھے ۔ فیصل اعوان اور احسن خورشید کو بھارتی فوج کی سولہویں کور کے  حوالے کردیا گیا جہاں سے انہیں پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا ۔