Friday, April 19, 2024

اڈیالہ جیل میں قید مزید 408 قیدیوں کی مشروط ضمانت منظور

اڈیالہ جیل میں قید مزید 408 قیدیوں کی مشروط ضمانت منظور
March 24, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) اڈیالہ جیل میں قید مزید 408 قیدیوں کی مشروط ضمانت منظور کر لی گئی۔ اڈیالہ جیل سے مزید 408 قیدیوں کی  ضمانت پر رہائی کی درخواستوں پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے سماعت کی۔ ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ 307 قیدیوں کو آج رہا کر رہے ہیں جبکہ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ منشیات کے کیسز کے ملزمان کے رہا ہونے پر بھی معاشرے کو خطرہ ہوتا ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ڈی سی اور ڈی آئی جی صاحب نے اس بحران کی صورتحال میں اچھا کام کیا۔ کیوں نہ پرتشدد نوعیت کے مقدمات کے قیدیوں کے علاوہ دیگر کو ضمانت پر رہا کر دیا جائے۔ پوری دنیا میں جیلوں سے لوگوں کو رہا کیا جا رہا ہے کیونکہ وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے۔ اسلام آباد پولیس کو قیدیوں کی رہائی پر کیا مسئلہ ہے؟؟ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ بحرانی صورتحال ہے۔ عدالت ایک کمیٹی تشکیل دے دیتی ہے۔ ضمانت کے بعد کمیٹی جائزہ لے گی کہ کن قیدیوں کو رہا کرنا ہے اور کن کو نہیں۔ عدالت پابند کر دیتی ہے کہ ملزمان فرار نہ ہو سکیں۔ اس صورتحال میں خواتین کو غیر ضروری طور پر جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔ ایڈووکیٹ جنرل نے استدعا کی کہ پولیس پر زیادہ بوجھ نہ ڈالا جائے وہ پہلے ہی بہت سے کاموں میں مصروف ہے۔ عدالت نے انتظامیہ ، پولیس اور اے این ایف کے ایک ایک نمائندے پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تینوں اداروں کے افسران کمیٹی کا حصہ ہوں گے اور قیدیوں کو رہائی کیلئے کمیٹی کو مطمئن کرنا ہو گا۔