Sunday, May 5, 2024

اپوزیشن کے احتجاج سے کوئی خطرہ نہیں، وزیر اعظم

اپوزیشن کے احتجاج سے کوئی خطرہ نہیں، وزیر اعظم
October 24, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا اپوزیشن کے احتجاج سے کوئی خطرہ نہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پارٹی ترجمانوں کو نواز شریف کی صحت پر بیانات سے روکتے ہوئے کہا سیاسی اختلاف اپنی جگہ، کسی کی بھی صحت کے لیے دعا گو ہیں ۔ نواز شریف کا علاج ملک کے مایہ ناز ڈاکٹرز کر رہے ہیں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا نواز شریف سے متعلق عدالت کا فیصلہ قبول ہو گا ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمن کے مطالبات کو ناقابل تسلیم قرار دیتے ہوئے کہا کس بات پر استعفی دوں؟ کیا میرا سرے محل نکلا ہے یا خفیہ اکاؤنٹس نکلے؟ مولانا بتائیں کونسے حلقوں میں ان کے ساتھ دھاندلی ہوئی؟ کونسے حلقوں میں دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کیا؟ وزیراعظم عمران خان نے کہا آزادی مارچ اپوزیشن کا جمہوری حق ہے ۔ اپوزیشن کے احتجاج سے کوئی خطرہ نہیں ۔ وزیراعظم نے کہا بھارت عالمی بینک کی رینکنگ میں 14 پوائنٹس اوپر گیا، پورا بھارت خوشی منا رہا ہے ۔ پاکستان کی پوزیشن میں 28 پوائنٹس بہتری آئی اور یہاں دھرنوں پر گفتگو ہو رہی ہے ۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے علماء کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر ،دین اسلام کے اصل تشخص کو پیش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ناموس رسالت کے تحفظ اور اسلام فوبیا کے تدراک پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کی حیات مبارکہ کا ہر پہلو تاریخ میں محفوظ ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ آلہ کی حیات مبارکہ تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرنے کیلئے ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنا ہو گا۔ جامعات میں سیرت چیئرز کے قیام کا مقصد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ اور اسلام بارے جامع تحقیق ہے۔