Thursday, May 9, 2024

اپوزیشن کی چیئرمین سینیٹ بارے خواہش بھی دم توڑ جائیگی،فردوس عاشق

اپوزیشن کی چیئرمین سینیٹ بارے خواہش بھی دم توڑ جائیگی،فردوس عاشق
August 1, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کی کئی خواہشات کی طرح یہ خواہش بھی دم توڑ جائے گی ، پاکستان کا آئین اور قانون جیتے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن نے سینیٹ کیساتھ چھیڑ خانی اور دل پشوری مہم چلائی ہے  ، یہ خواہشات پر مبنی عدم اعتماد ہے اور بنیادوں سے جڑا بے بنیاد آغاز ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پاکستان کو بیرونی اور اندرونی چیلنجز ہیں ،کوئی بھی سینیٹر نہیں چاہے گا کہ ملک میں عدم استحکام ہو، مشکل فیصلے ملک کی ضرورت بن چکے ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ  تحریک عدم اعتماد ابو بچاؤ مہم کا حصہ ہے ، اس سے حکومت اور وزیراعظم کو کوئی فرق نہیں پڑیگا ۔ شیخ رشید نے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہورہی  جو بھی جیتے یا ہارے صرف جمہوریت کمزور ہوگی۔ شیخ رشید نے سینیٹ کا انتخاب بھی براہ راست کرانے کی تجویز دی ۔ وزیر ریلوے نے اپوزیشن کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اورکہا کہ  یہ سارے اکٹھے اس لیے ہوئے یہ چوری میں پکڑے گئے ہیں،ن لیگ اور پیپلزپارٹی این آر او لینے کی بھر پور کوشش میں ہیں،۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان امتحان سے گزر رہا ہے، عمران خان کی قیادت میں ملک کو مسئلوں سے نجات دلائیں گے۔