Thursday, April 18, 2024

اپوزیشن کی جانب سے 31اکتوبر کو اے پی سی بلائے جانے کا امکان ،ذرائع

اپوزیشن کی جانب سے 31اکتوبر کو اے پی سی بلائے جانے کا امکان ،ذرائع
October 23, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے متحرک ہوگئی، مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے، ذرائع کے مطابق 31 اکتوبر کو اے پی سی بھی بلائی جا سکتی ہے، حمزہ شہباز نے بھی اپوزیشن اتحاد کو وقت کی ضرورت قرار دے دیا۔ حکومت کو مشکلات سے دوچار کرنے کے لئے اپوزیشن نے صف بندی شروع کردی ، مولانا فضل الرحمان ایک بار پھر متحرک ہوگئے اور سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ شروع کردیا ۔ اپوزیشن اتحاد کے سلسلہ میں مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری میں ملاقات بھی ہوئی، مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر کو قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کا بھی پیغام دیا ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے 31 اکتوبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلائے جانے کا بھی قوی امکان ہے، تاہم تاریخ کا حتمی اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ، انہوں نے بھی آصف علی زرداری سے ملاقات کا اشارہ دے دیا ۔ دوسری طرف وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے اپوزیشن کی بےصبری کی وجہ کرپشن پر ان کے خلاف تنگ ہوتا گھیرا اور حکومت سے ان کا باہر ہونا قرار دیا ہے ۔ مولانا فضل الرحمان اس سے قبل بھی اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش کر چکے ہیں، تاہم دیکھنا یہ ہوگا کہ اب وہ اس کوشش میں کامیاب ہو پاتے ہیں یا نہیں۔