Friday, April 19, 2024

اپوزیشن کی اے پی سی ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی ، وزیراعظم

اپوزیشن کی اے پی سی ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی ، وزیراعظم
September 21, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا اپوزیشن کی اے پی سی ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، اپوزیشن اے پی سی اور قرارداد کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اے پی سی کے فیصلے سے کسی کو پریشانی نہیں، آل پارٹیز کانفرنس میں بیٹھے چہروں اور ان کے ذاتی مقاصد سے قوم آگاہ ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا حکومت اور اداروں کے خلاف بیان بازی بھارتی لابی کو خوش کرنے کی عکاسی تھی۔ ادارے ایک پیج پر اور ملک کے اتحاد کی ضمانت ہیں۔ اپوزیشن کی اے پی سی  ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی۔ وزیراعظم نے کہا مسلح افواج  قومی سلامتی کی ضامن ہیں۔ لیبیا، عراق، شام جیسے ممالک کمزور فوج کے باعث تباہ ہوئے۔ ن لیگ نے ایک بار پھر بھارتی ایجنڈے کو فروغ دیا۔ اقوام متحدہ اجلاس سے پہلے فوج کو بدنام کرنا بھارتی سازش کا حصہ ہے۔