Friday, April 19, 2024

اپوزیشن جماعتیں کرپشن نہیں وزیراعظم کو ہدف بنا رہی ہیں : چودھری نثار

اپوزیشن جماعتیں کرپشن نہیں وزیراعظم کو ہدف بنا رہی ہیں : چودھری نثار
May 4, 2016
اسلام آباد (92نیوز) حکومت نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے اپوزیشن کے ٹی او آرز کو مسترد کردیا۔ وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان کہتے ہیں کہ اپوزیشن جماعتیں صرف وزیراعظم کوہدف بنا رہی ہیں۔ احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ وزیر قانون زاہد حامد نے ٹی او آرز کو اپوزیشن کی بدنیتی قرار دےدیا۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن نے اپنے مشترکہ ٹی او آرپیش کئے تو حکومت کا موقف دینے کیلئے وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان اور وزیرقانون زاہد حامد، مشیروزیراعظم بیرسٹر ظفراللہ آ گئے۔ اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ پانامالیکس پر اپوزیشن کے ٹی او آر کا مقصد کرپشن کو بے نقاب کرنا نہیں بلکہ وزیراعظم کو ہدف بنانا ہے، ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انکوائری کمیشن سے متعلق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے اعلیٰ کوئی عدالت یا ادارہ نہیں، اپوزیشن رکاوٹ بن کر معاملے کوسیاست کی نذر کررہی ہے۔ وزیرقانون زاہد حامد نے ٹی او آرزکواپوزیشن کی بدنیتی قرار دیا۔ چودھری نثار علی خان نے واضح کیا کہ ٹی او آر پر اپوزیشن سے بامعنی مشاورت کیلئے تیارہیں لیکن زبردستی کوئی بات نہیں منوائی جا سکتی۔ اپوزیشن کی ایک دو جماعتیں روز اپنا بیان بدل لیتی ہیں۔ وہ عمران خان سے ہونے والی ملاقاتوں کا احوال فی الحال میڈیا کے سامنے نہیں لاسکتے۔ حکومت پاناما لیکس تحقیقات کیلئے ایک قدم آگے بڑھتی ہے تو اپوزیشن پیچھے ہٹ جاتی ہے۔ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا ایک ایک لفظ ریکارڈ پر ہے۔ کچھ لوگ چاہتے ہیں یہ کیس میڈیا پر چلے اور کھیل تماشا ہوتا رہے۔ پاناما کا معاملہ سیاسی بیان بازی کی نذر ہو گیا۔ چودھری نثار نے کہا وزیراعظم نے اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کر کے تاریخی قدم اٹھایا مگر اپوزیشن کوئی بھی بات سننے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا پریس کانفرنس کی جنگ ختم ہونی چاہیے ‘ فیصلہ صرف سپریم کورٹ میں ہو گا۔