Friday, April 19, 2024

اپوزیشن کا کورونا پر رویہ قابل افسوس ہے، وزیراعلیٰ بزدار

اپوزیشن کا کورونا پر رویہ قابل افسوس ہے، وزیراعلیٰ بزدار
June 13, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہتے ہیں اپوزیشن جماعتوں کا کورونا جیسی وبا پر رویہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ قومی مسئلے پر بھی اپوزیشن رہنماؤں نے پوائنٹ اسکورنگ سے گریز نہیں کیا، عوام اپوزیشن کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ وزیراعظم، وفاقی وزیر حماد اظہر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پر بھی تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کیا گیا ہے۔ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا۔ بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کیلئے پوسٹوں کی منظوری دے دی ہےِ، اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ بہاولپور اور ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فنکشنل ہوجائے گا۔ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ عثمان بزدار بولے کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے نبھا رہی ہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پورا فوکس ہے۔ جنوبی پنجاب کیلئے 35 فیصد ترقیاتی فنڈز مختص کیے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔ شہری آبادی پر حملے کے واقعات نہایت قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کرکے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔