Friday, April 26, 2024

اپوزیشن کا وفاقی وزیر پر ایک ماہ کے لیۓ ایوان میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ

اپوزیشن کا وفاقی وزیر پر ایک ماہ کے لیۓ ایوان میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ
September 28, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے گزشتہ روز کے ریمارکس کی بازگشت سینیٹ میں بھی سنائی  دی ۔ اپوزیشن نے وفاقی وزیر پر ایک ماہ کے لیۓ ایوان میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔ سینٹر جاوید عباسی کہتے ہیں متعلقہ وزیر نے کل جو الفاظ ادا کئے اس پر ایک ماہ کی پابندی لگائی جائے۔ سینیٹر مشاہد اللہ نے  وزیر اطلاعات فواد چوہدری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا وفاقی وزیر کے عائد کردہ  تمام الزامات بے بنیاد ہیں ۔ میرے دو بھائیوں کی پی آئی اے میں بھرتی کا الزام ثابت کریں نہیں تو ایوان میں آ کر معافی مانگیں۔ چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ کل وزیر اطلاعات نے قومی اسمبلی میں اپنے الفاظ پر معذرت کی ہے۔ متعلقہ وزیر سینٹ میں بھی آ کر معذرت کریں گے۔ سینیٹ اجلاس میں شبلی فراز اور مشاہد اللہ خان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ مشاہداللہ خان کا کہنا تھا کہ ہم چاہیں تو ایک دن بھی ایوان نہیں چل سکتا ۔ سینٹ اجلاس میں مشاہداللہ خان نے فواد چوہدری کیخلاف تحریک استحقاق پیش کی جس پر  چئیرمین سینٹ نے کہا  یہ معاملہ قومی اسمبلی کا ہے اس لیے تحریک استحقاق کا معاملہ چیمبر میں دیکھیں گے۔ قائد ایوان شبلی فراز نے کہا کہ اگر مشاہد اللہ خان کی دل آزاری  ہوئی ہے تو تحریک استحقاق ان کا حق ہے۔ اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران وزیر مملکت خزانہ کی ایوان میں عدم موجودگی پر اپوزیشن نے احتجاجا واک آوٹ کیا۔ ن لیگ کے چوہدری تنویر نے کورم کی نشاندہی کر دی ۔ کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس پیر کی سہہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔