Friday, April 19, 2024

اپوزیشن کا وزیراعظم کی ایوان میں آمد تک بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان

اپوزیشن کا وزیراعظم کی ایوان میں آمد تک بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان
May 10, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں وزیراعظم کا مزید ایک دن اور انتظار کرنے کا اعلان کر دیا۔ اپوزیشن رہنماو¿ں کی ملاقات کے بعد اعتزاز احسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا وزیراعظم ایوان میں نہ آئے تو پھر بائیکاٹ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے اور حکومت اپوزیشن کے ٹی او آرز مسترد کر چکی ہے۔ اگر حکومت ٹیم بنائے گی تو اپوزیشن بھی اپنی ٹیم تشکیل دے گی۔ قبل ازیں اپوزیشن نے وزیراعظم کی عدم شرکت پر ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت شروع ہوا تو سپیکر نے وزراءکو ہدایت کی کہ وہ اپوزیشن کو منانے جائیں اور اپوزیشن سے درخواست کریں کہ وہ اجلاس کی کارروائی کا حصہ بنیں۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ ایوان میں آئے اور اپوزیشن کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا وزیراعظم کو ایوان میں آ کر اپنا نکتہ نظر واضح کرنا چاہیے۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے نام سامنے آتے جا رہے ہیں۔ انھیں ایوان میں آ کر اپنے اثاثے اور ٹیکس کی تفصیل بیان کرنی چاہیے۔ وہ ایوان میں آئیں گے تو ہم دوڑتے ہوئے ایوان میں پہنچیں گے۔ وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے خورشید شاہ کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اس ایوان کے پہلی بار رکن نہیں بنے اور نہ ایوان میں آمد سے گھبراتے ہیں۔ وزیراعظم جمعہ کو ایوان میں آ کر اپوزیشن کو اعتماد میں لیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم جب ایوان میں آئیں گے تو ہم واپس آ جائیں گے۔ ان کے واک آﺅٹ کے اعلان کے بعد اپوزیشن قومی اسمبلی سے واک آﺅٹ کر گئی۔اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔