Friday, April 26, 2024

اپوزیشن کا سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات 10سال کیلئے بڑھانے کا مطالبہ

اپوزیشن کا سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات 10سال کیلئے بڑھانے کا مطالبہ
January 18, 2017

کراچی (92نیوز) رینجرز کو صرف کراچی نہیں پورے سندھ میں دس سال کے لئے خصوصی اختیارات دیے جائیں۔ اپوزیشن لیڈر سندھ خواجہ اظہار کا مطالبہ۔ نصرت سحر کہتی ہیں سندھ حکومت رینجرز اختیارات میں جان بوجھ کر تاخیر کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئے ڈی جی رینجرز آ چکے ہیں مگر سندھ حکومت کی پرانی روشش برقرار ہے۔ تین دن گزر گئے کراچی میں رینجرزکے اختیارات میں توسیع نہ ہو سکی۔ شہرقائد کا امن و امان متاثر ہونے کا خدشہ۔ سندھ حکومت نے چپ سادھ رکھی ہے اور تاخیر کی وجہ بتانے سے انکار کر دیا۔

ادھر سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل ہی اراکین نے رینجرز اختیارات کا معاملہ اچھال دیا۔ ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ نے اختیارات میں توسیع اور ترامیم کا مطالبہ کیا جبکہ تحریک انصاف نے سندھ حکومت پر الزامات کی بارش کردی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سردار احمد نے کہا کہ اختیارات میں توسیع کے ساتھ ترامیم بھی کی جائیں۔

فنکشنل لیگ کی نصرت سحر عباسی سندھ حکومت پر برس پڑیں اور کہا جان بوجھ کر رینجرز اختیارات میں تاخیر کی جارہی ہے، معاملہ ایوان میں اٹھائیں گے۔ تحریک انصاف کے ثمر علی خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کام کرنے والے اداروں کو کام نہیں کرنے دیا جارہا۔ اراکین اسمبلی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا سندھ میں قانون تو بنائے جاتے ہیں لیکن عملدرآمد نہیں کیا جاتا۔