Wednesday, April 24, 2024

اپوزیشن کا حکومت پر بھارتی دہشتگرد کو این آر او دینے کا الزام

اپوزیشن کا حکومت پر بھارتی دہشتگرد کو این آر او دینے کا الزام
July 23, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن نے حکومت پر بھارتی دہشتگرد کو این آر او دینے کا الزام عائد کردیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں کہا ہے کہ وزیراعظم کہتے تھے وہ این آر او نہیں دینگے، عمران خان نے جتنے این آر او دیئے کسی اور نے نہیں دیئے، کلبھوشن جادیو کیلئے این آر او بھی دے دیا گیا، جو آرڈیننس کے ذریعے دیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارلیمان کا اجلاس چل رہا ہو تو آرڈیننس کو ایوان میں پیش کیا جاتا ہے۔ حکومت نے عوام کو بتایا نہ سیاسی جماعتوں کو بتایا گیا۔ اس ہاؤس کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، راتوں رات آرڈیننس جاری کر دیا۔ ہمارے احتجاج پر اب معاملہ یہاں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ آئی سی جے کے قانون کو نہیں مانتے تو پاکستان کے قانون سے این آر او نہ دیں۔ کلبھوشن مانتا ہے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کرتا تھا۔ عمران خان اور تحریک انصاف این آر او کو جواز پیش کر رہی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بولے کہ احسان اللہ احسان کس کی قید میں تھا کیسے گرفتار ہوا۔ اسے دوبارہ پکڑنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم کے خلاف پریس کانفرنس یا تقریر کرو تو احسان اللہ احسان سے دھمکی آتی ہے۔ احسان اللہ احسان نے ہماری جماعت سے کیا کیا اس کا جواب نہ دیں، اے پی ایس کے بچوں کا جواب تو دینا پڑے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کلبھوشن اور احسان اللہ احسان کو بھی این آر او دیا گیا۔ جہانگیر ترین، بلین ٹری، چینی چوری، تیل چوری پر این آر او دیا جا رہا ہے۔ مالم جبہ پر این آر او دیا گیا ہر چیز پر این آر او دیا جا رہا ہے۔ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بتائیں اب پاکستان کی غیرت کا سودا کیوں کیا جا رہا ہے؟۔ انہوں نے کہا کل تک کلبھوشن کی وجہ سے نون لیگ پر مودی کے یار کے الزامات لگتے تھے، اب کیوں  اسے سہولت دینے کی کوشش ہو رہی ہے؟ مجوزہ قانون قبول نہیں، کلبھوشن پاکستان کا دشمن ہے۔