Thursday, April 25, 2024

اپوزیشن کا ایک ہی مطالبہ این آر او دیں، اداروں کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم

اپوزیشن کا ایک ہی مطالبہ این آر او دیں، اداروں کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم
December 26, 2020

چکوال (92 نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے جیسے  فوج پر حملہ کیا ایسا پاکستان میں کبھی نہیں ہوا ۔ اپوزیشن بھارت کی زبان بول رہی ہے۔

چکوال میں متعدد منصوبوں کا  سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، این آر او دینا ملک سے غداری ہو گی ، مشرف نے این آر او دیا تو قرض 6 ہزار سے 30 ہزار ارب پر چلا گیا ۔وزیر اعظم نے ملک میں انقلابی بلدیاتی نظام لانے کا بھی اعلان کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ ایک کا بیٹا ایک کی بیٹی این آر او کے جلسے کررہے ہیں، ان سے کوئی پوچھے آپ کی قابلیت کیا ہےِ؟، اِن دونوں سے کوئی پوچھے کے جاب ایکسپیرنس کیا ہے تو کہیں گے ہمارے باپ پاکستان کے کرپٹ ترین آدمی تھے ایک گھنٹے کا کام نہیں کیا اور ملک چلانے جا رہے ہیں۔ فضل الرحمٰن نے خود سے فیصلہ کرلیا وہ سب سے صادق اور امین ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کوئی ان سے پوچھے کہ اگر دھاندلی ہوئی تھی تو کیا آپ کسی فورم پر گئے؟، نہ ثبوت دیئے نہ کسی فورم پر گئے اور اداروں کو ٹارگٹ کرنا شروع کردیا اور اپنے آپ کو جمہوری کہتے ہیں۔ اگر ان لوگوں کو سزا نہیں دیتے تو کیا ہم اپنے بچوں کو بتا رہے ہیں کہ طاقتور اس ملک میں جو مرضی کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سفر مدینہ کی ریاست سے شروع ہوا تھا، لوگ جمہوریت کی طرف آنا شروع ہوئے ہم بادشاہت کی طرف جانا شروع ہوگئے۔ لوگ جمہوریت کی طرف آنا شروع ہوئے ہم بادشاہت کی طرف جانا شروع ہوگئے۔

کہا کہ فوج ملک سے دہشتگردی کیخلاف قربانیاں دے رہی ہے، فوجی جوان قربانیاں دے رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ای یو ڈس انفولیب نے انکشاف کیا کہ ہندوستان نے جعلی سائیٹس بنائی ہوئی تھیں۔ ہندوستان کی جعلی سائیٹس اس اپوزیشن کو بھی پروموٹ کرتی تھیں۔ کہا کہ بھارت میں 73 سال کی تاریخ میں ایسی حکومت نہیں آئی جو آج ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کرپٹ سربراہ تمام نظام خراب کردیتے ہیں، ماضی میں این آر او سے ملکی قرض 30 ہزار ارب تک چلا گیا۔ ہم نے پہلے سال کا ٹیکس میں سے آدھا اِن کے لیے ہوئے قرضوں کی قسطیں اتارنے میں دیا۔

عمران خان مزید بولے کہ چکوال کو اچھی طرح جانتا ہوں، مسائل بخوبی معلوم ہیں۔ سیاسی کارکنوں کیلئے خوشی کا اظہار کرنا چاہتا ہوں، تبدیلی سب سے پہلے ذہن اس کے بعد گراؤنڈ پر آتی ہے۔ تعلیم کے بغیر کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔