Tuesday, May 21, 2024

اپوزیشن کا 20 ستمبر کو زرداری ہاؤس میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان

اپوزیشن کا 20 ستمبر کو زرداری ہاؤس میں آل پارٹیز  کانفرنس بلانے کا اعلان
September 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیو) اپوزیشن نے 20 ستمبر کو زرداری ہاؤس میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا۔ فیصلہ اکرم خان درانی کی زیر صدارت اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اکرم درانی نے  پریس کانفرنس میں کہا آج رہبر کمیٹی کے بااعتماد رہنما آئے ہیں۔ میں سب کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ کچھ عرصے سے رہبر کمیٹی کی میٹنگ نہیں ہوئی تھی۔ خبریں آتی رہی ہیں کہ اپوزیشن میں اتفاق نہیں ہے۔ میں نے کہا ہے کہ آج اپوزیشن میں اتفاق ہونا ملک کی اہم ضرورت ہے۔ آج ادھر بیٹھنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ ہم بتانا چاہتے ہیں کہ ہم میں اتفاق ہے۔ اکرم درانی کا کہنا تھا 20 تاریخ کو آل پارٹیز کی اسلام آباد زرداری ہاؤس میں میٹنگ ہو گی۔ ملک کے حالات اس طرف جاچکے ہیں کہ ہم ایک دن بھی دیر نہیں کر سکتے۔ 20 تاریخ کو زرداری ہاؤس میں جو فیصلہ ہو گا وہ عوامی مفاد کو مد نظر رکھ کر کریں گے۔ ایجنڈا یہی ہے کہ جو ملک میں الیکشن ہوں وہ شفاف ہوں۔ اس حکومت کو ایک دن دینا بھی اس ملک سے اور عوام سے زیادتی ہے۔ ان ہاؤس تبدیلی کا فیصلہ اے پی سی میں ہو گا۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا فیٹف کے حوالے سے ترامیم پر بہت سے نکات پر رضا مندی ہوگئی تھی لیکن ہمیں حکومت کی طرف سے بلیک میل کیا گیا۔ ہم آج بھی کہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اور فیٹف قوانین پر بات کریں۔ ہم ایسی ترامیم نہیں چاہتے جس میں پاکستان یا پاکستانی عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا بارش اور سیلاب کی صورتحال پر ہم متاثرہ لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ کراچی ڈوب چکا ہے،کراچی کے پوش ایریا بھی نہیں بچے۔ اندرون سندھ کی عوام کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ کے پی میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ وفاقی حکومت سندھ میں کہیں نظر نہیں آتی۔