Friday, April 26, 2024

اپوزیشن نے پورے پاکستان اور گلگت بلتستان کو لوٹا، مراد سعید

اپوزیشن نے پورے پاکستان اور گلگت بلتستان کو لوٹا، مراد سعید
November 9, 2020
گلگت (92 نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کہتے ہیں کہ اپوزیشن نے پورے پاکستان اور گلگت بلتستان کو لوٹا، سب سے بڑے ڈاکو سندھ میں موجود ہیں۔ ایک لندن بیٹھا ہے اور بہادری کی باتیں کرتا ہے۔ مراد سعید نے خپلو میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب میں اپوزیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ این آر او لیگ یہاں  پہنچی ہوئی ہے، کیا مفت اوربہترین علاج کی سہولت انہوں نے دی؟، کیا انہوں نے آپ کی بجلی کا مسئلہ حل کیا؟، انہوں نے پورے ملک اور گلگت بلتستان کو لوٹا ہے، نوازشریف کا نعرہ تھا،کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے، آصف زرداری کا نعرہ تھا کھاتا ہے تو کھلاتا بھی ہے، عمران خان نہ کھاتا ہے اور نہ کھانے دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے عرصے حکومت کرنے کے بعد یہ دو بے شرم یہاں کررہے ہیں۔ فرزند زرداری کہہ رہا ہے سڑکیں خراب ہیں، بلاول بھٹو نے اپنی کارکردگی بتا دی۔ یہاں پر ایک پرچی والا ہے، وصیت اور پرچی پر اسے پارٹی ملی ہے۔ وہ ہر جگہ پر پرچی ہلا رہا ہے، پاکستان میں سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے۔ قائد کے شہر کو انہوں نے کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔ غریبوں سے ان کا اتنا ہی تعلق ہے جتنا انڈوں کا کلو اور آلو کا درجن سے ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان سی پیک کا دروازہ ہے۔ سی پیک میں بابوسرٹاپ سب سے اہم منصوبہ ہے، بابو سر ٹاپ برفباری میں 8 ماہ بند رہتا ہے۔ ہماری حکومت میں کے کے ایچ کا منصوبہ منظور ہوچکا ہے، سی پیک میں سوات اور گلگت بلتستان کو نظر انداز کیا گیا، شندور اور چترال شاہراہ بھی سی پیک کا حصہ ہے۔ وفاقی وزیر بولے کہ عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ آپ کو تمام آئینی حقوق حاصل ہوں گے، سابق فاٹا کو آج تمام آئینی حقوق حاصل ہیں، 10 سال انہوں نے گلگت بلتستان کو صوبہ نہیں بنایا، ایک لندن بیٹھا ہوا ہے اور بہادری کی باتیں کرتا ہے، کہتا تھا مجھے کیوں نکالا، چوری کی ڈاکہ ڈالا اس لیے نکالا۔ ایک جعل سازی میں مشہور اور دوسرے کو پرچی پر پارٹی ملی۔ ایک کہتی تھی میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے تحریک انصاف کو کامیاب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، میں پارلیمنٹ میں جب بھی بسم اللہ پڑھتا ہوں یہ نو دو گیارہ ہو جاتے ہیں، علی امین نے آپ سے بات کی یہ منصوبے آپ پر احسان نہیں آپ کا حق ہے۔ جو حکومت کام نہیں کرتی،سمجھ جاؤ وہ کھارہے ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان یو این میں خطاب کرتے ہیں تو عوام کا سرفخر سے بلند ہوتا ہے، کل اسرائیل کی ایک این جی او نے عمران خان کیخلاف کمپین کا آغاز کرلیا۔ زرداری اور نواز شریف ڈاکو ،بچے حرام پر پلے ہوئے ہیں، ہم سب نے مل کر اس جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔