Monday, May 20, 2024

اپوزیشن نے منی بجٹ کو قومی خودمختاری سرنڈر کرنے کے مترادف قرار دے دیا

اپوزیشن نے منی بجٹ کو قومی خودمختاری سرنڈر کرنے کے مترادف قرار دے دیا
December 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن نے منی بجٹ کو قومی خودمختاری سرنڈر کرنے کے مترادف قرار دے کر اس کی مخالفت کا اعلان کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ میں منی بجٹ کی مخالفت کا اعلان کر دیا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا ہے یہ منی بجٹ نہیں قومی خودمختاری سرنڈر کرنے کی دستاویز ہو گی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویزاشرف نے منی بجٹ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد مہنگائی برداشت کرنا عام آدمی کے بس سے باہر ہو جائے گا۔

 ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے منی بجٹ پر اپوزیشن کے خدشات بلاوجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی دو ایک سال کا قصہ نہیں بہت پرانی داستان ہے۔

منی بجٹ کے مطابق ٹیکس وصولیوں کا ہدف پانچ ہزار 829 ارب روپے سے بڑھا کر 6 ہزار 100 ارب کرنے کی تجویز ہے۔12 جنوری سے پہلے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے۔

متوقع منی بجٹ میں 350 ارب روپے کی ٹیکس مراعات ختم کیے جانے کی تجویز ہے۔ موبائل فون، اسٹیشنری اور پیک فوڈ آئٹمز پر ٹیکس چھوٹ ختم کئے جانے کا امکان ہے۔ زیرو ریٹڈ سیکٹر سے بھی سیلز ٹیکس چھوٹ مکمل ختم کئے جانے کی تجویز ہے۔

مخصوص شعبوں کو حاصل ٹیکس چھوٹ کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔ کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات پر ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی۔ وفاقی ترقیاتی پروگرام میں 200 ارب کی کٹوتی کا امکان ہے۔