Friday, April 19, 2024

اپوزیشن نے تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کردیا

اپوزیشن نے تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کردیا
June 27, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن نے تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کردیا، شہبازشریف کہتے ہیں کہ چینی کے بعد پٹرول مافیا جیت گیا اور عوام کو شکست ہوئی، بلاول بھٹو بولے کہ عمران خان نے پٹرول مہنگا کرکے مافیا کو فائدہ پہنچایا، تاجر برادری کا کہنا ہے کہ یہ منی بجٹ کی شروعات ہے۔ اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک اضافے کو  مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ چینی اسکینڈل پارٹ 2قرار دے دیا، کہا پٹرول مافیا جیت گیا اور عوام ہار گئے،یہ موقع قوم کی جیبیں صاف کرنے کا نہیں۔ https://twitter.com/CMShehbaz/status/1276575866127036424?s=20 شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں لکھا بدترین کارکردگی کا بدلہ عوام سے نہ لیا جائے، پی ٹی آئی حکومت نے قوم کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا،عمران نیازی کےعوام کی بہتری اور احساس کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے،ثابت ہوا یہ ظالموں، بے احساسوں اور نااہلوں کی حکومت ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے  بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ کہا کہ ایسے وقت میں جب عوام کو ریلیف کی ضرورت تھی پٹرول مہنگا کرنا غریب دشمنی ہے، قیمتوں میں تاریخی اضافہ کرنے والے ماضی میں معمولی اضافوں پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کرعمران خان اپنی نااہلی کی وجہ سے ڈوبتی معیشت کو سہارا نہیں دے سکتے، پٹرول سستا کرا کر ذخیرہ کرایا اور پھر مہنگا کرکے عمران خان نے مافیا کو فائدہ پہنچایا، پٹرول سستا ہونے سے کچھ سستا نہیں ہوا تھا مگر مہنگا ہونے سے مزید مہنگائی ضرور ہوگی۔ سیاسی اور تاجر برادری نے بھی پٹرولیم منصوعات میں اضافے کو مسترد کردیا ہے۔ صدر ایف پی سی سی آئی انجم نثار اور تاجر رہنماء عتیق میر کا کہنا تھا یہ منی بجٹ کی شروعات ہے، حکومت مافیا کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ہر طبقہ فکر سے ردعمل سامنے آرہا ہے،عوام، کاروباری طبقہ اور اپوزیشن سبھی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔