Saturday, May 11, 2024

اپوزیشن مارچ سے خود کو خوار کریگی، دھرنے کا وقت گزر چکا، شیخ رشید

اپوزیشن مارچ سے خود کو خوار کریگی، دھرنے کا وقت گزر چکا، شیخ رشید
November 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید کہتے ہیں اپوزیشن مارچ کرے گی تو خود کو خوار کرے گی، دھرنے کا وقت گزر چکا۔

ہفتہ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وارم اپ ہونے میں 6 ماہ لے گی، دھرنا دینے کا اصل وقت تب تھا جب مولانا پہلے بار اسلام آباد آئے تھے۔

شیخ رشید نے کہا عمران خان کو کوئی خطرہ نہیں، کوئی اتحادی آنکھ نہیں دکھا رہا ہے، میری جماعت عمران خان کیساتھ ہے۔ ساڑھے تین سال گزر چکے ہیں، الیکشن کمپین شروع ہو چکی ہے۔ الیکڑانک ووٹنگ مشین انتخابات کیلئے ضرور ہونی چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک افغانستان کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہونگے، ہماری معیشت بڑے امتحان سے گزر رہی ہے۔ اشیا خوردونوش میں پوری دنیا میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد پہلے سے ای سی ایل میں موجود ہے۔ ٹی ایل پی سے معاہدہ ہو چکا ہے اس معاہدے میں میں شامل نہیں تھا۔ 78 تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔

شیخ رشید نے کہا اسلام آباد کے افسران اور جوانوں کو فیملی گالا پر مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان پولیس پر بہت ذمہ داریاں ہیں۔ پولیس کا مورال بلند ہونا بہت ضروری ہے، اسلام آباد پولیس کے حوالے سے سمری وزارت خزانہ میں پڑی ہوئی ہے۔ کرائم کے حوالے سے آئی جی سے گلے شکوے کر چکا ہوں۔