Monday, September 16, 2024

اپوزیشن لیڈر نے پارلیمنٹ میں نون لیگ کو گیدڑ کہہ دیا

اپوزیشن لیڈر نے پارلیمنٹ میں نون لیگ کو گیدڑ کہہ دیا
April 12, 2016
اسلام آباد (92نیوز) خورشید شاہ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کے الزامات پر قومی اسمبلی میں برس پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ خود کو شیر کہنے والے گیدڑ سے بھی بدتر ہیں۔ سکول کے پلاٹ کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ ایک انچ پر بھی قبضہ ثابت ہو جائے تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے ما لا کنڈ ڈویژن میں ٹیکس فری زون ختم کرنے پر ایوان سے واک آوٹ بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے الزامات پر کہا کہ قوم کو بتایا جائے کہ اپوزیشن لیڈر نے کون سے فوائد حاصل کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ میری زبان بندی کرنا چاہتے ہیں۔ خود کو شیر کہنے والے گیدڑ سے بھی بدتر ہیں۔ سکول کا پلاٹ کا الزام لگایا جا رہا ہے‘ ایک انچ پر بھی قبضہ ثابت ہو جائے تواستعفیٰ دیدوں گا۔ خورشیدشاہ نے کہا کہ وزیر داخلہ نوازشریف کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں۔ میرے خلاف انکوائری کے لئے کمیٹی بنا دی جائے جس میں سب حکومتی لوگ شامل ہوں۔ وزیراعظم کو کہا ہے کہ میرے خلاف اشتہارات چلائے جارہے ہیں۔ اسے روکا جائے۔ میرا بیرون ملک کوئی اکاونٹ نہیں ہے‘ میرے صرف دو اکاونٹ ہے۔ یہ ایوان میرا احتساب کرے۔ مالاکنڈ میں ٹیکس فری زون ختم کرنے پر مالاکنڈ ڈویژن کے دس ارکان قومی اسمبلی نے مستعفی ہونے کی دھمکی دی جبکہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے احتجاجاً ایوان سے علامتی واک آوٹ کیا جبکہ وفاقی حکومت نے ٹیکس فری زون ختم کرنے کا ذمہ دار صوبائی حکومت کو قرار دیدیا۔ پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا افضل کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے مطالبے پر گورنر نے کسٹمز ایکٹ نافذ کیا۔ کسٹمز ایکٹ کے نفاذ کا فیصلہ واپس لینے کا اختیار بھی صوبائی حکومت کے پاس ہے۔ صوبائی حکومت چاہیے تو گورنر کو کہہ کر واپس لے سکتی ہے۔ قومی احتساب آرڈیننس اور خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق آئین میں ترمیم کا بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ پمز واقعہ پر ملزم اور انتظامیہ کو نشان عبرت بنا دینگے جبکہ سپیکر نے اجلاس کی موبائل فون کے ذریعے فوٹیج پر پابندی لگا دی۔