Friday, April 26, 2024

اپوزیشن لیڈر نے افغانستان سےمتعلق وزیردفاع کےبیان پر پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانےکا مطالبہ کردیا

اپوزیشن لیڈر نے افغانستان سےمتعلق وزیردفاع کےبیان پر پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانےکا مطالبہ کردیا
March 6, 2017
اسلام آباد(92نیوز)قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے افغانستان سے متعلق وزیردفاع کے بیان  پر فوری طورپر پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا ، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں وزیر دفاع نے بڑا بیان دیا ہے اب مسئلہ حکومت کا نہیں پاکستان کا بن گیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ  وزیر دفاع نے آج کئی انکشاف کیے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے۔ہم نے بھارت سے جنگیں لڑی ہیں۔ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا ہمارے تعلقات ایسے ہی رہیں گے۔بھارت تو ہمارا دشمن ہے لیکن افغانستان تو ہمارا دوست تھا۔ افغانستان کے لیے تو پاکستان نے اپنی خودمختاری تک داؤ پر لگا دی لیکن افغانستان سے دہشت گرد آ کر حملے کر رہے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرد جنگ چل رہی ہے۔ افغانستان سے دراندازی ہو رہی ہے۔ حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کیونکہ قوم کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیر دفاع کے بیان پر فوری ان کیمرہ پارلیمںٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔ ارکان پارلیمنٹ کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائے۔ انہوں نے کہا پرامن پاکستان ہم سب کی خواہش ہے۔ دہشتگردی ذہنی اذیت ہے یہ نشاندہی کرنا ہوگی کہ کون دہشتگردوں کو سپورٹ کر رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم قومی معاملات پر سیاست اور پوائنٹ سکورنگ نہیں کریں گے ۔ غیر معمولی حالات میں فوجی عدالتوں میں قیام سے متعلق حکومت کا ساتھ دیا. انہوں نے کہا کہ غیرملکی قوتیں پاکستان کو غہر مستحکم کرنے میں کردار ادا کر رہی ہیں. ہمیں دیکهنا چاہیئے کہ وہ کونسی قوتیں ہیں. افغانستان سے لڑائی کر کے مسئلہ حل نہیں ہو سکتا. جو افغانستان کے مفادات کا تحفظ پاکستان کر سکتا ہے بهارت نہیں کر سکتا۔