Thursday, March 28, 2024

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات ، صحت کے متعلق دریافت کیا

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات ، صحت کے متعلق دریافت کیا
September 2, 2020
 کراچی (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی کراچی میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات ہوئی۔ شہباز شریف نے آصف زرداری کی صحت کے متعلق دریافت کیا۔ نیب کیسز میں الجھی اپوزیشن ہر حد پار کرنے کو تیار ہو گئی۔ ماضی میں ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کی کراچی میں بڑی بیٹھک ہوئی۔ شہباز شریف سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کرنے بلاول ہاؤس پہنچ گئے۔ آصف زرداری نے خود استقبال کیا جبکہ بلاول بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اپوزیشن لیڈر اور سابق صدر کی ملاقات میں بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ بھی شامل تھے جبکہ لیگی وفد میں احسن اقبال، محمد زبیر اور دیگر رہنما موجود تھے۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے آصف زرداری کو نواز شریف کا خصوصی پیغام دیا۔ ماضی میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادت ایک دوسرے کے خلاف سخت بیان بازی کرتی رہی ہے۔ ایک بار شہباز شریف نے تو سابق صدر کیخلاف کچھ زیادہ ہی سخت زبان استعمال کی تھی جبکہ زرداری بھی لفظی گولہ باری کرتے رہے۔ آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات پر معاون خصوصی شہباز گل نے تبصرہ کیا کہ شہبازشریف زرداری کا پیٹ پھاڑ کر لوٹا مال نکالنے  بلاول ہاؤس پہنچ گئے۔