Friday, May 3, 2024

اپوزیشن جماعتیں رائیونڈ مارچ کا حصہ نہ بننے کے فیصلے پر نظرثانی کریں : شاہ محمود

اپوزیشن جماعتیں رائیونڈ مارچ کا حصہ نہ بننے کے فیصلے پر نظرثانی کریں : شاہ محمود
September 19, 2016
ملتان (92نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن جماعتوں سے رائیونڈ مارچ کے حوالے سے اپنے فیصلوں پر نظرثانی کا مطالبہ کر دیا جبکہ جہانگیر ترین کہتے ہیں تیس تاریخ کا مارچ تاریخی ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق کپتان نے تیس مارچ کو رائیونڈ مارچ کا اعلان کر کے ملکی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ پی ٹی آئی کے مارچ میں اگر دوسری اپوزیشن جماعتیں بھی شامل ہو جائیں تو حکومت پر دباو زیادہ بڑھے گا۔ کچھ یہی سوچ کر پارٹی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن جماعتوں سے رائیونڈ مارچ کے حوالے سے اپنے فیصلوں پر نظرثانی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے نائنٹی ٹو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اپنی ہم خیال جماعتوں کو رائے ونڈ مارچ کی دعوت دیتے ہیں۔ ہم نے سڑکوں پر آنے میں عملی طور پر پہل کر دی ہے لیکن باتوں اور رویوں سے معلوم ہوتا ہے کہ ساتھی اپوزیشن جماعتیں فی الحال باہر نکلنے کو تیار نہیں۔ اسی طرح تحریک انصاف کے ایک اور سینئر رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ تیس تاریخ کا رائیونڈ مارچ تاریخی ہو گا۔ ہم چاہتے ہیں ن لیگ کی بادشاہت سے تنگ سارے افراد ہمارے ساتھ باہر نکلیں۔ انہوں نے دعوی کیاکہ تحریک انصاف خاندان کی طرح متحد ہے۔ پارٹی کے اختلافات سامنے لانے والے ن لیگ کے افراد ہیں۔ جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ سب لوگوں سے رابطہ ہے اور سب کو دعوت دیں گے۔ یوتھ فورس پاکستان تحریک انصاف کی اصل طاقت ہے۔