Friday, May 10, 2024

اپوزیشن جماعتیں بکھری سوچ اکٹھا کرنیکی کوشش کر رہی ہیں، فردوس عاشق

اپوزیشن جماعتیں بکھری سوچ اکٹھا کرنیکی کوشش کر رہی ہیں، فردوس عاشق
January 25, 2021

لاہور (92 نیوز) معاون خصوصی وزیراعلیٰ فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں اپوزیشن جماعتوں کی بکھری ہوئی سوچ کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر اپوزیشن جمہوری انداز میں حکومت کو چیلنج کرے گی تو حکومت جمہوری انداز میں ہی ہر چیلنج کا سامنا کرے گی۔

اُنہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا، انقلابی منصوبے کی کابینہ نے باقاعدہ طور پر منظوری دے دی ہے، اس منصوبے کے تحت پنجاب کے 9 ڈویژن اور 36 اضلاع بیک وقت یونیورسل ہیلتھ پروگرام کا حصہ بنیں گے۔

اُن کا کہنا تھا 65 ارب روپے سالانہ کے حساب سے فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے کابینہ کمیٹی کا اعلان کیا ہے، کمیٹی کو مینڈیٹ دیا گیا ہے کہ مختلف انشورنس کمپنیز اور ان سے جڑے اسپتالوں میں بہترین رول ماڈل کو کس طرح متعارف کروایا جاسکتا ہے۔ کمیٹی اس حوالے سے اپنی تجاویز دے گی۔

فردوس عاشق بولیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دسمبر 2021ء میں ہم تمام مراحل کو مکمل کرنے جا رہے ہیں۔ یونیورسل ہیلتھ کارڈ نچلی سطح تک ہر خاندان تک پہنچے گا۔ بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لیے یہ یونیورسٹی روشن چراغ بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے آج ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا ہے، سابقہ ادوار میں ترقی کا سفر چند شہروں اور چند مخصوص طبقوں تک محدود تھا۔ سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنانے کی اُصولی منظوری دے دی ہے۔ اس اتھارٹی کے تحت شہر کی تعمیرو ترقی اور خوشحالی میں آرگنائزڈ پلان کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو آگے لے کر چلیں گے۔

اُن کا کہنا تھا لاہور پنجاب کا دارالخلافہ ہوتے ہوئے کابینہ نے لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے مسودے کی منظوری دی۔ یہ اتھارٹی معاشی پراجیکٹ کو دیکھے گی، سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے میں ایل ڈی اے کا بوجھ بھی کم کرے گی۔

معاون خصوصی نے کہا، کابینہ نے شہداء ویلفیئئرسکیم کے تحت چولستان میں 1626 ایکڑ زمین فراہم کرنے کی منظوری دی ہے، انرجی کے معاہدوں کے لیے چینی یوآن کو بطور کرنسی استعمال کرنے کی منظوری دی گئی۔ چینی یوآن کو انٹرنیشنل معاہدوں کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا، کابینہ نے ضلع مظفرگڑھ میں چوک سرور شہید کو تحصیل کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو زمین کی خریداری کیلئے بقایا فنڈز خرچ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ موٹروہیکل ٹیکسوں کی وصولی اب ڈاکخانوں کے بجائے آن لائن اور ای پیسہ کے ذریعے کی جائے گی۔