Thursday, March 28, 2024

اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کا ڈرامہ لگنے سے پہلے ہی فلاپ ہو چکا ، عثمان بزدار

اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کا ڈرامہ لگنے سے پہلے ہی فلاپ ہو چکا ، عثمان بزدار
August 16, 2020
 لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کا ڈرامہ لگنے سے پہلے ہی فلاپ ہو چکا ہے ۔ عثمان بزدار نے کہا اپوزیشن رہنماؤں نے صرف ذاتی مفادات کے تحفظ کے لئے اے پی سی کا شوشہ چھوڑا۔ پاکستان کی ترقی کا سفر کھوٹا کرنے والے مزید 3 سال صبر کریں۔ اپوزیشن لوٹ مار سے جمع دولت بچانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ ادھر وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہا میں نے کئی ماہ پہلے کہا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کو دھوکہ دے گی۔ یہ بھی کہا تھا کہ مولانا اس دھوکے کے بعد "جو درد ملا اپنوں سے ملا" گنگناتے پھریں گے۔ آج مولانا کی ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر برملا تنقید میری پیشن گوئی کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شاید پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو عقل آ گئی ہے کہ مولانا کا مقصد ان کے مال سے اپنی جیبیں بھرنا ہے۔ فیاض چوہان کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان کو بھی چاہئے کہ 2023 تک ہاتھ میں تسبیح لے کر مصلٰے پر توبہ استغفار کریں۔ غیر متحدہ اپوزیشن کا مقصد صرف ایک دوسرے کی گردن پر پاؤں رکھ کر اقتدار حاصل کرنا ہے۔ آصف زرداری کی ن لیگ اور شہباز شریف پر تنقید سے ان کے اتحاد کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ چکی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی اور سیاسی طور پر مستحکم ملک بن رہا ہے۔