Saturday, April 27, 2024

اپوزیشن جماعتوں کانیب کے خاتمے کیلئے بل اور چیئرمین نیب کیخلاف ریفرنس لانے پر غور

اپوزیشن جماعتوں کانیب کے خاتمے کیلئے بل اور چیئرمین نیب کیخلاف ریفرنس لانے پر غور
July 22, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) نیب کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے نے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں نئی جان ڈال دی، اپوزیشن جماعتوں نے نیب کے خاتمہ کیلئے  بل اور چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس لانے پر غور شروع کردیا۔

خواجہ برادارن کیس میں نیب کے خلاف عدالتی فیصلے کے بعد نیب کا قانون متنازعہ ہو گیا ، اپوزیشن یک زبان ہو گئی جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے نیب قانون کے خاتمے کیلئے بل لانے کیلئے سنجیدگی سے غور کرنا شروع کردیا ۔

قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا، دونوں جماعتوں کا سپریم کورٹ کے فیصلے اور ایک سال میں اعلی عدالتوں کی جانب سے نیب کے خلاف آنے والے فیصلوں کی روشنی میں چیئرمین نیب کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا عندیہ دیدیا۔

ذرائع کے مطابق  دونوں جماعتوں کا ماننا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بنیادی طور نیب قانون کی تشریح ہے ، بادی النظر میں نیب قانون اور نیب کی کارروائیوں کو خلاف آئین قرار دیا گیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء نئیر حسین بخاری نے تصدیق کی کہ چیئرمین  پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ماہرین قانون سے مشاورت کرینگے ، نیب قانون کے خاتمہ کیلئے پارلیمنٹ میں بل لانے پر اتفاق رائے پیدا کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا عید کے بعد اپوزیشن کی اے پی سی کے ایجنڈا  میں  اس معاملہ کو شامل کرنے کیلئے مشاورت کرینگے۔