Thursday, May 9, 2024

اپوزیشن جماعتوں کا نیب کے قوانین کو درست کرنے کا مطالبہ

اپوزیشن جماعتوں کا نیب کے قوانین کو درست کرنے کا مطالبہ
June 7, 2020

لاہور ( 92 نیوز) اپوزیشن جماعتوں نے نیب کے قوانین کو درست کرنے کا مطالبہ کردیا، لاہور میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے بعدقمر زمان کائرہ، رانا ثناء اللہ اور دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا حکومت نیب کو سیاسی انجینئرنگ کے لئے استعمال کر رہی ہے۔

لاہور میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس ہوئی  جس میں    قمر زمان کائرہ، رانا ثناء اللہ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔ اے پی سی کے بعد قمر زمان کائرہ نے کہا نیب کے قوانین کو درست کیا جائے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کو ختم ہونا چاہئے۔

قمر زمان کائرہ نے حکومت کو فاشسٹ قرار دیتے ہوئے کہاسنتھیا رچی کے الزامات سے قوم کی دل آزاری ہوئی، بینظیر بھٹو پر بے ہودہ الزامات لگائے گئے، ٹڈی دل، مہنگائی اور کورونا تو مسائل ہیں لیکن اصل مسئلہ عمران خان ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا اٹھارہویں ترمیم میں تبدیلی چاہتے ہیں تو ترمیم لائیں، نیب کو سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، اگر کورونا وائرس نہ آتا تو یہ سال مڈٹرم الیکشن کا تھا۔

اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کے دوران مشترکا فیصلہ کیا گیا کہ اسٹیل مل کو کسی بھی صورت میں بیچنے نہیں دیا جائے گا۔