Tuesday, April 23, 2024

اپوزیشن جماعتوں کا بلدیاتی الیکشن میں فوج تعینات کرنے کا مطالبہ

اپوزیشن جماعتوں کا بلدیاتی الیکشن میں فوج تعینات کرنے کا مطالبہ
October 28, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بلدیاتی الیکشن میں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا۔ چودھری سرور کہتے ہیں مطالبہ نہ مانا گیا تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں الیکشن کا بائیکاٹ کردیں‘ ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہونے دینگے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ٹی آئی‘ پیپلزپارٹی‘ عوامی تحریک کے رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفاف بلدیاتی الیکشن کیلئے فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی کے صوبائی آرگنائزر چودھری سرور نے کہا کہ فوج کے بغیر شفاف الیکشن ناممکن ہیں‘ وکلاءکی ٹیم تیار ہے اگر مطالبہ نہ مانا گیا توعدالت جائیں گے۔ پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے حکومتی نمائندوں پر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہر یونین کونسل میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے جارہے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے ورکرز کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما ثمینہ خالد گھرکی اور عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور نے فوج کی تعیناتی کے پی ٹی آئی کے مطالبہ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس غیر جانبداری کے ساتھ کام کرے۔