Tuesday, May 14, 2024

اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد تقسیم ،مولانا کی قیادت میں اپوزیشن کا نیا الائنس تیار

اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد تقسیم ،مولانا کی قیادت میں اپوزیشن کا نیا الائنس تیار
August 23, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد دو حصوں میں تقسیم ہوگیا، مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اپوزیشن کا نیا الائنس تیار، جے یو آئی، اے این پی، پی کے میپ، قومی وطن پارٹی، نیشنل پارٹی نئے اتحاد کا حصہ ہوں گے۔

اپوزیشن کی بڑی جماعتوں پر مولانا کے تحفظات کھل کر سامنے آگئے، اپوزیشن اتحاد واضح طور پر دو حصوں میں تقسیم ہوتا دکھائی دے رہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کا نیا الائنس تیار ہو گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے جے یو آئی، اے این پی، پی کے میپ، قومی وطن پارٹی، نیشنل پارٹی نئے اپوزیشن اتحاد کا حصہ ہوں گے،حکومت سے علیحدہ ہونے والی جماعت بی این پی مینگل بھی اپوزیشن الائنس میں شامل ہوگی۔

نئے اتحاد کا کہنا ہےاپوزیشن کی چھوٹی جماعتوں کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے تحفظات ہیں، دونوں بڑی جماعتیں جب تک تحفظات نہیں دور نہیں کریں گی اس وقت تک ہم اپنی اپوزیشن کریں گے۔

میر حاصل بزنجو کے انتقال کے باعث اپوزیشن کی چھوٹی جماعتوں کا اجلاس تاخیر کا شکار ہوگیا ہے، نئے اتحاد کا اجلاس جلد مولانا فضل الرحمٰن کی صدارت میں ہوگا جس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔