Monday, May 13, 2024

اپوزیشن جماعتوں نے نیب آرڈیننس 2019 مسترد کر دیا

اپوزیشن جماعتوں نے نیب آرڈیننس 2019 مسترد کر دیا
December 28, 2019
لاہور (92 نیوز) اپوزیشن جماعتوں نے نیب آرڈیننس 2019 مسترد کر دیا، ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کہتی ہیں عمران خان اپنی حکومت کے منصوبوں کی انکوائری روکنے کیلئے نیب آرڈیننس لا رہے ہیں، رہنماء پیپلز پارٹی شیری رحمان کہتی ہیں پارلیمانی نظام کو بائی پاس کرکے نیب آرڈیننس منظور کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کا نیب آرڈیننس مسترد کر دیا۔ان کا کہنا تھا عمران صاحب اپنی حکومت کے ہر منصوبے کی انکوائری روکنے کے لئے نیب آرڈیننس لا رہے ہیں ۔سیلیکٹڈ حکومت کا نیب آرڈیننس اپنی کرپٹ حکومت اور دوستوں کو این آر او دینے کی سازش ہے ۔ نواز شریف نے جھوٹے الزامات کے باوجود سپریم کورٹ کو خط لکھ کر اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کیا۔ مریم اورنگزیب کہتی ہیں عمران صاحب اگر چوری نہیں کی تو اپنی حکومت کے کرپشن میں ڈوبے منصوبوں کی نیب انکوائری بند کرنے کے لئے آرڈیننس کیوں لا رہے ہیں ؟ ۔جنہوں نے چوری نہیں کی ہوتی وہ اپنے آپ کو نواز شریف ، شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کی طرح خود احتساب کے لئے پیش کرتے ہیں۔عمران صاحب آپ کی طرح کے جھوٹے، چور اور کرپٹ این آر او اور اداروں کو استعمال کر کے احتساب کا راستہ روکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اپوزیشن کے لئے جھوٹے مقدمات، جیلیں اور اپنی اور اپنے دوستوں کی کرپشن روکنے کےلئے این آر او پلس؟۔ عمران صاحب پشاور میٹرو، مالم جبہ اور ہیلی کاپٹر مقدمات میں نیب تفتیش رکوانے کے لئے آرڈیننس لا رہے ہیں؟ ۔پشاور میٹرو کے ایک کھرب پچیس ارب کے کھڈے این آر او پلس سے نہیں چھپائے جا سکتے۔ اپنی کرپشن کو نیب آرڈیننس کے ذریعے چھپانا نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن بولیں کہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر دبائو اور اپنی حکومت کی چوری اور ڈاکے کو چھپانے کے نئے نیب آرڈیننس؟۔ دوسروں سے چالیس سال کا حساب اور جھوٹے الزامات؟، علیمہ باجی، فیصل واڈا اور جہانگیر ترین کو این آر او اور اب اپنی حکومت اور دوستوں کی چوری چھپانے کے لئے نیب گھٹ جوڑ کے ذرئیے این آر او پلس ہیں۔ ادھر سینیٹر شیری رحمان نے نیب آرڈیننس سے متعلق ٹوئٹ میں کہاکہ پارلیمانی نظام کو بائی پاس کر کے آرڈیننس منظور کیا گیا، نیشنل اسمبلی کے اجلاس نہیں ہورہے، سینیٹ اجلاس 116 دن نہیں بلایا گیا۔ رہنماء پیپلزپارٹی نفیسہ شاہ نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں  مسائل ہی مسائل ہیں، بے نظیر بھٹو نے ملک کے لیے قربانی دی۔ رہنماء پیپلزپارٹی نے کہا کہ ضیاء الحق اور پرویز مشرف کی باقیات جیالوں کا راستہ روک رہے ہیں، لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت نہ دینے کی بات کی گئی، حکمران شور کیوں کررہے ہیں ابھی تو جیالوں کی پارٹی باقی ہے۔ نفیسہ شاہ کہتی ہیں پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے مخالفین اور منافقین خائف ہیں، راولپنڈی آنے کا مقصد شہداء جمہوریت کی یاد میں جلسہ کرنا ہے۔