Friday, May 10, 2024

اپوزیشن جلسوں سے اپنی انا کی تسکین کر رہی ہے، فردوس عاشق

اپوزیشن جلسوں سے اپنی انا کی تسکین کر رہی ہے، فردوس عاشق
December 7, 2020

لاہور (92 نیوز) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ سول ملٹری قیادت نے مل کر کورونا سے متعلق فیصلے کیے۔ اپوزیشن جلسوں سے اپنی انا کی تسکین کر رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں مکمل لاک ڈاون اور لاہور میں جلسہ کیا جا رہا ہے، اپوزیشن جلسوں سے اپنی انا کی تسکین کر رہی ہے، مریم نواز آج تک پارلیمنٹ کی سیڑھیوں تک نہیں پہنچ سکیں، وہ اس پارلیمنٹ کو گرانا چاہتی ہیں۔ شہباز شریف گریٹر ڈائیلاگ کی بات جبکہ مریم نواز استعفوں کی بات کر رہی ہیں۔ مریم نواز پہلے اپنے گھر میں اتفاق پیدا کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کو کورونا کی بھٹی میں جھونکنے کے لیے بےچین ہے، سیاسی آلودگی پھیلانے والے عناصر سن لیں وہ ناکام ہو چکے ہیں، داتا کی نگری میں رسوائی اپوزیشن کا مقدر بنے گی۔ کھوکھلی تحریک کا ملتان میں جنازہ نکلا۔ مولانا نے ہر جمعہ کو احتجاج کا اعلان کیا تھا، اُن کے اِس بیانیے پر نمازیوں نے اوس ڈال دی۔

اُن کا کہنا تھا کہ عدالت اور این سی او سی نے اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی ہے، بندہ تابع دار ہے قانون اور پاکستانی آئین کا، تابع دار ہونے کا حلف نواز شریف نے تین بار اٹھایا، نواز شریف نے حلف کی پاسداری نہیں کی۔ عمران خان پاکستان کے آئین کا وفادار رہے گا، نیب سے قوم کی اپیل ہے مریم نواز کے کیس کو قانون کے تحت دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ ان کی رسی کو اتنی ڈھیل کیوں دی، آر ہو گا نہ پار ہو گا، 13 دسمبر کو قانون کا وار ہو گا۔ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا سے کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ خلاف ورزی پر سزاؤں کی سفارش این سی او سی کے سامنے رکھی جائے گی۔ پنجاب میں کورونا کی صورتحال کے لئے مانیٹرنگ روم قائم کیا جائے گا۔ فوجی اسپتالوں میں بھی سول افراد کا علاج ہو گا۔