Friday, April 19, 2024

اپوزیشن بے یقینی پھیلانا چاہتی ہے ، شبلی فراز

اپوزیشن بے یقینی پھیلانا چاہتی ہے ، شبلی فراز
July 14, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے اپوزیشن بے یقینی پھیلانا چاہتی ہے۔ مقصد اپنے آپ کو بچانا ہے۔ وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ  دیتے ہوئے  وفاقی  وزیر  شبلی فراز  نے کہا  کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم ہمیشہ سے اصلاحات چاہتے ہیں۔ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے سینیٹ انتخابات صاف شفاف ہوں۔ سرکاری اداروں کے سربراہوں کی تعیناتی کے حوالے سے بھی  اصلاحات  لائی جائیں گی۔ شبلی فراز نے کہا کہ سوشل میڈیا پر   پینشن  کے حوالے سے غلط تاثر دیا جا رہا ہے۔ پنشن اور حج فنڈ  کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ گیس کی قیمتوں  اور کے الیکٹرک سے  متعلق فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ بیرون ممالک 11 ہزار 376 قید پاکستانیوں کی واپسی کے لیے متعلقہ سفارتخانوں کو ہدایات جاری کر دی گئی۔ تمام صوبوں کو پروینشیل فنانس کمیشن بنانے کی  بھی ہدایت کی گئی۔ شبلی فراز نے مزید کہا کہ کابینہ کے اب تک 93 اجلاس ہوئے جس میں 1759 فیصلے کیے گئے۔ 1579 فیصلوں پر عملدرآمد ہو چکا ، 28 فیصلے تاخیر کا شکار ہیں اور 46 پر عملدرآمد باقی ہے۔ اپوزیشن ملک کو گزشتہ 2 ہفتوں سے بے یقینی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اپوزیشن کو اپنے گناہوں کا پتہ ہے اس لیے وہ احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔ احسن اقبال ایسی لیڈرشپ کی نمائندگی کر رہے ہیں جو پارٹی کو بے یارو مددگار چھوڑ کر بیرون ملک بیٹھے ہیں۔ شبلی فراز نے مزید کہا کہ کورونا وائرس نے مضبوط ملکوں کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ بھاری قرضوں کے باوجود کورونا وبا کی صورتحال میں پاکستان کی معیشت کئی ملکوں سے بہتر رہی۔ ہم نے پہلی دفعہ ہاوسنگ کے شعبے میں غریب لوگوں کے لیے سستے گھروں کامنصوبہ شروع کیا۔ بھٹو کے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کو پی ٹی آئی عملی جامعہ پہنا رہی ہے۔ اپوزیشن کی پھیلائی گئی غیریقینی صورتحال کے باوجود ہم ثابت قدم ہیں۔