Tuesday, May 21, 2024

اپوزیشن انتخابی عمل کی مضبوطی کیلئے ہمارے ساتھ بیٹھے، وزیراعظم کی پیشکش

اپوزیشن انتخابی عمل کی مضبوطی کیلئے ہمارے ساتھ بیٹھے، وزیراعظم کی پیشکش
May 1, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ این اے 249 کراچی کے ضمنی انتخاب میں کم ٹرن آؤٹ کے باوجود تمام جماعتیں دھاندلی کا الزام لگا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے بڑی پیشکش کرتے ہوئے کہا، اپوزیشن کو دعوت ہے انتخابی عمل کی مضبوطی کے لیے ہمارے ساتھ بیٹھے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کی دعوت دے دیدی، ٹویٹر پیغام میں کہا انتخابی اصلاحات میں تعاون کیلئے اپوزیشن کو ایک سال سے کہہ رہے ہیں۔ الیکشن میں شفافیت کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا، اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اور انتخابات کی معتبریت کو بحال کرنے کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حوالے سے معاملات طے کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ این اے 249 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں کم ٹرن آؤٹ کے باوجود تمام جماعتیں دھاندلی ہونے کا دعویٰ کر رہی ہیں۔ این اے 249 جیسی صورتحال ڈسکہ اور سینیٹ کے الیکشن میں بھی پیش آئی۔ 1970 کے سوا ہر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات نے الیکشن نتائج کی ساکھ پر سوال اٹھائے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی ٹیم نے 2020 کا صدارتی الیکشن متنازع بنانے کے لیے ہر کام کیا، امریکی صدارتی الیکشن میں ٹیکنالوجی کے باعث ایک بھی بےقاعدگی نہیں ملی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ، پی ٹی آئی حکومت ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے انتخابی اصلاحات لانے کا عزم رکھتی ہے۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے الیکشن میں شفافیت آئے گی اور ساکھ بہتر ہو گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی ریفارمز نہیں کی گئیں۔ ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال ہی انتخابات کی معتبریت کا واحد ذریعہ ہے۔