Tuesday, May 7, 2024

اپوزیشن استعفے دینا چاہتی ہے تو اسپیکر تک پہنچائیں ورنہ ڈرامہ بند کردیں، شاہ محمود

اپوزیشن  استعفے دینا چاہتی ہے تو اسپیکر تک پہنچائیں ورنہ ڈرامہ بند کردیں، شاہ محمود
December 23, 2020

ملتان (92 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن استعفے دینا چاہتی ہے تو 31 دسمبر تک اسپیکر تک پہنچ جانے چاہئیں ورنہ یہ ڈرامہ بند کردیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے استعفے دینے ہیں تو دیں ، استعفے 31 دسمبر کو اسپیکر تک پہنچ جانے چاہئیں اگر 31 دسمبر تک استعفے اسپیکر کو نہیں پہنچتے تو اس کا مطلب  یہ ڈرامہ تھا ،  ہم نے مینار پاکستان کے جلسے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی، یہ احتجاج یا دھرنا دینا چاہتے ہیں تو بتا دیں ہم خاطر تواضع  کیلیے تیار ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا اگر ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر حمایت چاہتے ہیں تو نیب قوانین میں ترمیم کریں،نیب کے قوانین اور ایف اے ٹی ایف کے معاملات کو علیحدہ رکھا جائے، نیب قوانین کے حوالے سے مطالبات پوچھنے پر انہوں نے 34 نکاتی مطالبہ پیش کیا،ان 34 نکات سے این آر او کی بو آ رہی ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی صورت سودا بازی نہیں کرے گی،  نیب میں بہتری کے لیے گنجائش موجود ہے مگر سودا نہیں کریں گے، استعفوں کی دھمکی میں تحریک انصاف نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ  ہندوستان جانتا ہے وہ کوئی حرکت کرے گا تو پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب ملے گا،ہندوستان اندرونی انتشار کا شکار ہے،مقبوضہ کشمیر میں انکی منصوبہ بندی ناکام ہو گئی ہے، ان کے اپنے ملک لوگوں نے حکومت کی مخالفت کر دی ہے،وہاں   کسان سراپا احتجاج ہیں ۔