Thursday, April 25, 2024

اپنے آپ کو سیلف قرنطینہ میں رکھا، کورونا ٹیسٹ منفی آیا ، شاہ محمود قریشی

اپنے آپ کو سیلف قرنطینہ میں رکھا، کورونا ٹیسٹ منفی آیا ، شاہ محمود قریشی
March 24, 2020
اسلام اباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا اپنے آپ کو سیلف قرنطینہ میں رکھا، کورونا ٹیسٹ منفی آیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا آج سے دفتر خارجہ میں کام کا آغاز کر رہا ہوں۔ احتیاط ہماری بہتری کیلئے ہی ہے۔ ادھر شاہ محمود قریشی نے وزیر خارجہ فرانس سے رابطہ کیا۔ دونوں کے مابین کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی آفت سے نمٹنے کیلئے تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے کرونا وائرس کے سبب فرانس میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فرانس نے کرونا وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے وہ قابل تحسین ہیں۔ کرونا وبا پھوٹنے کی وجہ سے ایران کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے۔ ایرانی حکومت، معاشی پابندیوں کے باعث اس گھمبیر صورتحال پر قابو پانے کی متحمل نہیں ہو سکتی- ایران میں تیزی سے پھیلتی ہوئی اس وبا کو اگر نہ روکا گیا تو پورے خطے پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا اس کرونا عالمی وبا کے تناظر میں گذشتہ آٹھ ماہ سے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مسلسل کرفیو اور اس کے نتیجے میں خوراک اور ادویات کی قلت کا شکار آٹھ ملین کشمیریوں کی تشویشناک صورتحال سے بھی اپنے فرانسیسی ہم منصب کو آگاہ کیا۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے ایران پر عائد پابندیوں کا معاملہ آئی ایم ایف اور ترقی پذیر ممالک کو درپیش معاشی مسائل کا مسئلہ جی 20 کے ساتھ  اٹھانے کا عندیہ دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کا اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ بھی سامنے آیا۔