Thursday, May 9, 2024

اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال کرنیکی اجازت نہیں دینگے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال کرنیکی اجازت نہیں دینگے، ڈی جی آئی ایس پی آر
January 6, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) پاکستان امن کیخلاف کسی عمل کا حصہ بنیں گے نہ اپنی سرزمین کسی کےخلاف استعمال کرنے کی اجازت دینگے، ڈی جی آئی ایس آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کی صورتحال میں تبدیلی آئی۔ ترجمان پاک فوج نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سمیت خطے کی صورتحال میں بہتری کیلئے آرمی چیف کا اہم کردار ہے، مائیک پومپیو سے گفتگو کے دوران بھی آرمی چیف نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم ہونی چاہئے۔ متعلقہ ممالک کو تعمیری طرز عمل اور ڈائیلاگ سے آگے بڑھنا چاہئے، پاکستان تمام پرامن کوششوں کی تائید کریگا اور کوشش کریگا کہ خطہ ایک اور جنگ کی طرف نہ جائے۔ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ایران اور سعودی عرب میں بھی کشیدگی ہے، پاکستان نے ہر وہ کام کیا جس سے خطے میں امن ہو، ہم نے دہشت گردی کو شکست دی، امن کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، افغان مصالحتی عمل خراب کرنے کی کوششوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔ افغان امن عمل اور خطے میں آرمی چیف کا اہم کردار ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کہتے ہیں کہ خطہ مختلف مسائل کا سامنا کرتا رہا ہے، 27 فروری کو جنگ کے دہانے پر پہنچے، بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ایرانی جنرل واقعے کے بعد دفتر خارجہ نے بیان دیا، عوام اور میڈیا مصدقہ سوچ پر توجہ دیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ پاکستان کی خطے میں حیثیت ہے،بہت قربانیوں سے امن حاصل کیا، افواج پاکستان ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے، بھارتی آرمی چیف دھمکیوں کے بجائے کشمیر اور بھارت میں جاری احتجاج بند کرائیں، وزیراعظم اور آرمی چیف پاکستان کے مثبت کردار کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔