Thursday, April 25, 2024

اپریل کے آخری ہفتے تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

اپریل کے آخری ہفتے تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ
April 4, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) اپریل کے آخری ہفتے تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ وفاقی حکومت نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔ بتایا کہ 336 ملین  ڈالر کی لاگت سے صحت ایمرجنسی پلان لاگو کردیا۔ قیدیوں کی رہائی کے خلاف اپیل میں وفاقی حکومت نے اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔ کورونا وائرس سے بچائو کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ بھی دے دی۔ 154 صفحات پر مشتمل جواب میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز بارے بھی عدالت عظمیٰ کو آگاہ کردیا۔ معمولی، سنگین اور تشویش ناک کیسز کی الگ الگ کیٹگری بھی بنادی۔ رپورٹ میں وفاقی حکومت نے انکشاف کیا کہ 25 اپریل تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے جن میں سے سے 41 ہزار 482 معمولی نوعیت کے، 7 ہزار 24 سنگین نوعیت اور 2 ہزار 392 تشویش ناک ہوسکتے ہیں لیکن یہ تعداد یورپ سے کئی کم ہوگی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 336 امریکی ڈالر کی لاگت سے ایمرجنسی ہیلتھ پلان لاگو کردیا گیا ہے جس میں بیرون ملک سے آنے والی امداد بھی شامل ہے۔ رواں مال کے آخر تک مشتبہ مریضوں کی ٹیسٹنگ سہولت میں اضافہ کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے صوبوں، وبائی ماہرین کیساتھ کورونا سے بچائو کی گائیڈ لائیںز تیار کیں۔ بیرون ملک سے واپس آنے والوں کی سکریننگ اور جاں بحق ہونے کی تدفین کا طریقہ کار بنایا۔ ائیر پورٹس اور داخلی راستوں پر 222 مشتبہ کرونا مریضوں کی شناخت کی گئی۔ اسلام آباد میں قرنطینہ کیلئے 300 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ چار اسپتالوں میں 154 بیڈز پر مستمل آئسولیشن وارڈ بنائے گئے ہیں۔ ملک بھر کے 154 اضلاع میں مشتبہ مریضوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔