Monday, September 16, 2024

اٹھاون کروڑ روپے کی لاگت سے دریائے راوی پر نئے پل کی تعمیر شروع

اٹھاون کروڑ روپے کی لاگت سے دریائے راوی پر نئے پل کی تعمیر شروع
April 7, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پنجاب حکومت نے دریائے راوی پر نئے پل کی تعمیر شروع کر دی ہے جس پر اٹھاون کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ چھے رویہ پل کی دو لائنیں میٹرو بس کیلئے مخصوص ہوں گی۔ میٹروبس چلنے کے بعد شہر میں ٹریفک کا بہاؤ بہتر ضرور ہوا لیکن راوی پل اور اس کے گردونواح کی سڑکوں پر ٹریفک جام رہنا بھی معمول بن گیا ہے جس سے لاہور شہر میں آنے اور جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام کو اس عذاب سے نجات دلانے کیلئے پنجاب حکومت نے نئے پل کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے جو دس ماہ میں مکمل کیا جائے گا جبکہ اس پر اٹھاون کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید کا کہنا ہے کہ چھے رویہ پل کی دو لائنیں میٹرو بس کے لیے مخصوص ہوں گی۔ منصوبے کے ٹھیکیدار کا کہنا ہے کہ روایتی پل کے بجائے جدید ڈیزائن کا پل تعمیر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب شہری بھی پل کی تعمیر کے آغاز پر خوش دکھائی دیتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ پل کی تکمیل سے جہاں آمدورفت میں آسانی ہو گی وہیں ایندھن کی بچت بھی ہو گی۔ آبادی میں اضافے کے ساتھ شہر میں گاڑیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس کے لیے اس طرح کے منصوبوں کی اشد ضرورت ہے۔