Saturday, April 20, 2024

چودھری شجاعت حسین نے 18 ویں ترمیم تبدیل کرنے کی حمایت کردی

چودھری شجاعت حسین نے 18 ویں ترمیم تبدیل کرنے کی حمایت کردی
April 28, 2020

لاہور ( 92 نیوز) چودھری شجاعت حسین نے  18ویں ترمیم تبدیل کرنے کی حمایت کر دی ،  ترمیم اکثریت کے بل بوتے پر کی گئی اورملکی مفاد میں نہیں۔

مسلم لیگ ق کے صدر  چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ  اٹھارہویں ترمیم پر آج مختلف جماعتوں کے لیڈروں نے بیانات دیے اور اکثر نے ترمیم کو بغیر پڑھے ہی اس پر تبصرہ کر دیا ، اکثریت کے بل بوتے پر بعض ترامیم ایسی کی گئی ہیں جن میں آئندہ آنے والی نسلوں کو ملک کی تاریخ سے بے خبر رکھا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ تمام پارٹی سربراہوں سے 18 ہویں ترمیم کو رد کرنے کو کہوں گا،مسلم لیگ قاف اسمبلی کے اندر اور باہر ہر اس ترمیم کی مخالفت کرے گی جو ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہو گی۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ   دنیا کے کسی بھی آئین میں تعلیمی نصاب ایک ہی ہوتا ہے اور وہ وفاق کے پاس ہوتا ہے، اختیارات صوبوں کو دے کر تعلیم کا معیار خراب کر دیا گیا ،اس طرح ہر صوبہ اپنی مرضی کا نصاب بنائے گا۔